خبرنامہ کشمیر

پولیس کی انتقامی کارروائی کی مذمت

سری نگر : (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں تحریک حریت جموں وکشمیر نے پارٹی رہنماء عبدالغنی بٹ کے اہلخانہ اور رشتہ داروں کے خلاف بھارتی پولیس کی انتقامی کارروائی کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تحریک حریت کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں اس بات پرافسوس ظاہر کیاکہ بھارتی پولیس نے رواں عوامی تحریک کے دوران عبدالغنی بٹ کے اہلخانہ کو بڑے پیمانے پر سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پویس نے عبدالغنی بٹ کے گھر کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا ہے اور صرف اتنا ہی نہیں بلکہ انکے تمام رشتہ داروں کوبھی عذاب وعتاب کا نشانہ بنایا گیاہے ۔انہوں نے کہاکہ ان کے داماد محمد لطیف ڈار کو گرفتار کرلیا گیاہے جبکہ سسرال والوں کے گھر پر چھاپے اوردوآبگاہ میں رہائش پذیر ان کے بڑے بھائی حاجی محمد رمضان بٹ کو انکی بیٹی کو گھر میں پناہ دینے کے جرم میں گرفتارکرلیا گیاہے ۔ترجمان نے کٹھ پتلی وزیراعلیٰ سے سوال کیا کہ کیا یہ ان کی حکومت کی انسان نوازی ہے کہ ایک بزرگ شہری کو صرف اس بنیاد پر گرفتار کرلیا جائے کہ اس نے اپنی بھتیجی کو گھر میں کیوں پناہ دی ہے۔