خبرنامہ کشمیر

پیلٹ وکٹمز ایسوسی ایشن کی طرف سے مقبوضہ کشمیرمیں پیلٹ گنز کے مسلسل استعمال پر اظہار تشویش

سرینگر:(ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں پیلٹ وکٹمز ایسوسی ایشن نے جموں و کشمیر کے طول و عرض میں بھارتی فورسز کی طرف سے جاری پیلٹ گنوں اور دیگر مہلک ہتھیاروں کے استعمال پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے پیلٹ گن کا استعمال رکوانے کی اپیل کی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جموں و کشمیر پلٹ وکٹمزایسوسی ایشن کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں وادی کشمیر میں حالیہ دنوں میں وادی کشمیر کے طول و عرض میں پر امن مظاہرین پر پیلٹ گنوں کے استعمال کو انسانیت کش اورغیر جمہوری قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ نہتے کشمیریوں پر پیلٹ گن کے بے دریغ استعمال سے ہمارے نوجوان اور نہتے کشمیری اپنی آنکھوں کی بینائی سے محروم ہو رہے ہیں ۔انہوں نے افسوس ظاہر کیاکہ کشمیری نوجوانوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کی بجائے انہیں پیلٹ گنوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جس طرح اس مہلک ہتھیار کے استعما ل سے متعدد افراد جاں بحق اور سینکڑوں کی تعداد میں بینائی سے محروم ہوگئے ہیں اس کا انسانی و اخلاقی تقاضا ہے کہ اس انسانیت کش ہتھیار کے استعمال پر فوراپابندی عائد کردینی چاہیے ۔انہوں نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ اس غیر انسانی ہتھیار کے استعمال پر فوری قدغن عائد کرنے کیلئے بھارت پر دباؤ بڑھائیں تاکہ مذید کشمیری نوجوانوں کی زندگیوں سے کھلواڑ نہ کیاجاسکے۔ ترجمان نے پیلٹ گن سے متاثرہ تمام کشمیریوں سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے انکی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ۔