خبرنامہ کشمیر

پیپلز پارٹی کی مقبولیت سے خائف سیاستدان ہمیں لاشوں سے ڈرانے کی کوشش نہ کریں:چوہدری محمد رشید

مظفرآباد(آئی این پی)آزاد کشمیر کے وزیر مواصلا ت و تعمیرات عامہ چوہدری محمد رشید نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی مقبولیت سے خائف سیاستدان ہمیں لاشوں کے ذریعے ڈرانے کی کوشش نہ کریں۔ پیپلز پارٹی کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔ شہدائے گڑھی خدا بخش سے شہید نکیال تک کا سلسلہ تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔ چوہدری منشی کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ اور نہ ہی پیپلز پارٹی کے خلاف کوئی سازش کامیاب ہوگی۔ وفاقی وزراء کی ایماء پر آزاد کشمیر میں خانہ جنگی کا ماحول بنا کر کسی کو الیکشن پر اثر انداز نہیں ہونے دیں گے۔ پیپلز پارٹی کے مخالفین کو سانحہ نکیال کا حمیازہ بگتنا پڑے گا۔ ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو ، شہید بی بی کے بہاد ر جیالوں نے مارشل لاء دور میں بھی جمہوریت کی بقاء کے لئے مردانہ وار مقابلہ کیا ۔ پیپلز پارٹی کے جیالوں کو گولیوں سے حراساں کرنے کی گناونی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔ چوہدری منشی شہید کی شہادت انقلاب کی طرف بڑا قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ غیر جمہوری ہتھکنڈوں کے خلاف اپنا علم بلندرکھا اور خطے میں امن اور روادری کو فروغ دیا۔ غیر جمہوری طریقے سے اقتدار حاصل کرنے کے خواہشمند کامیاب نہیں ہونگے۔ پیپلز پارٹی کے کارکن جان تو دے سکتے ہیں مگر پیپلز پارٹی کا جھنڈا سرنگوں نہیں ہونے دیتے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے سانحہ نکیال کے خلاف قومی اسمبلی میں آواز بلند کی اور پیپلز پارٹی کے ممبران قومی اسمبلی نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اجلاس سے واک آوٹ کیا۔ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے کارکنان منشی شہید کے قتل کے خلاف قومی اسمبلی میں معاملہ اٹھانے پر قیادت کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں کسی کو بندوق کی سیاست نہیں کرنے دیں گے۔ چوہدری محمد رشید نے وزیر اعظم آزاد کشمیر کی جانب سے ہر فورم پر سانحہ نکیال پر جرت مندانہ موقف اختیار کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نکیال کے کارکن اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں۔ پیپلز پارٹی ان کی پشت پر ہے۔ ایک سوال کے جواب چوہدری محمد رشید نے کہا کہ وفاقی وزراء کی جانب سے آزاد کشمیر میں مداخلت ، وزیر اعظم کے خلاف نازیبا الفاظ کے استعمال، اپنے گلو بٹوں کے ذریعے خانہ جنگی کا ماحول پیدا کرنے اور آمدہ الیکشن پر اثر انداز ہونے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔ چوہدری محمد رشید نے کہا کہ آزاد کشمیر میں وفاق کی ایماء پر دہشت گردی انسانی جانوں کے ضیاع سے تحریک آزاد ی کشمیر پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ اسطرح آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں کیا فرق رہ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست کو انتہاپسندی کی جانب لیکر جانے والے ہوش کے ناخن لیں۔ ریاستی تعمیر و ترقی کے دشمنوں کو منہ کی کھانی پڑے گی۔ جیئے بلاول بھٹو یوتھ کنونشن ریلی میں مخالفین نے اشتعال انگیزی کی جس کے نتیجے میں پیپلز پارٹی کے کارکن چوہدری منشی شہید ہو گئے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی بلا تخصیص خدمت پر یقین رکھتی ہے اور خدمت کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔