خبرنامہ کشمیر

کشمیراور پاکستان لازم وملزوم ہیں: سردار محمد مسعود خان

میرپور (ملت + آئی این پی) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار محمد مسعود خان نے کہا ہے کہ کشمیراور پاکستان لازم وملزوم ہیں۔کشمیریوں کو پاکستان کی حکومت اور عوام پر فخر ہے ۔ مسئلہ کشمیر کی وجہ سے پاکستان کو جوہری صلاحیت حاصل ہوئی ۔وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو اقوام عالم کے سامنے بے نقاب کیا تو بھارت کی چیخیں نکل گئیں بھارت نے مسئلہ کشمیر سے عالمی توجہ ہٹانے کے لئے اوڑی کا ڈرامہ رچایا ۔بھارت کشمیریوں کا اپنی سر زمین پر قتل عام کررہاہے اور دہشت گردی کر رہا ہے۔ بھارت کی 7 لاکھ مسلح افواج کے سامنے کشمیری بے سروسامانی کے عالم میں جب عورتوں ،بچوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور وحشت کا نشانہ بنانے پر مزاحمت کرتے ہیں تو بھارت انہیں دہشتگرد قرار دیتا ہے حالانکہ بھارت کا جموں وکشمیر پر تسلط غیرقانونی اور غیرآئینی ہے جیسے کشمیریوں نے مسترد کررکھا ہے،کشمیری صرف اور صرف حق خودارادیت چاہتے ہیں ۔ تحریک آزادی کشمیر کو عملی جامعہ پہنانے کے لئے ہماری ذمہ داریاں بڑھ گئیں ہیں ۔مسئلہ کشمیر کو حقیقی تناظر میں بین الاقوامی برادری کے سامنے اجاگر کرنے کے لئے ذرائع ابلاغ کی طرف توجہ دینا ہوگی ۔مسلم لیگ ن کی حکومت نے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی سربراہی میں تحریک آزادی کی کامیابی ،گڈگورنس،میرٹ اورخطہ کی تعمیروترقی کو اپنی ترجیحات میں رکھا ہوا ہے ۔آزاد کشمیر کو سی پیک کا حصہ بنائیں گے۔آزاد کشمیر کی یونیورسٹیوں کو اقتصادی راہداری کے مفادات سامنے رکھتے ہوتے ہوئے تعلیم دینا ہوگی۔نوجوانوں کو سرکاری نوکریوں کے چکر سے نکال کر پرائیویٹ سیکٹر کو مضبوط کرنا ہوگا ۔اوورسیز کشمیری برطانیہ اور یورپ میں مسئلہ کو عالمی سطح پراجاگر کرنے میں اہم کردار اداکررہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم یوتھ ونگ کے زیراہتمام کشمیر کانفرنس سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔کانفرنس کی صدارت مسلم لیگ کے راہنما شجاع حیدر لودھی ایڈووکیٹ نے کی جبکہ نظامت کے فرائض بشیر ضیائی نے سرانجام دیئے۔ کانفرنس سے آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے ممبران چوہدری محمد سعید ،چوہدری رخسار احمد ،سابق چیئرمین ایم ڈی اے ڈاکٹر چوہدری محمد امین ۔مسلم یوتھ ونگ کے راہنما انجینئرچوہدری رضوان انور،ملک سہیل اعوان ،راجہ تسلیم انجم کے علاوہ دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر مسلم لیگ ن ،مسلم یوتھ ونگ اور شعبہ خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی ۔صدر آزاد کشمیر سردار محمد مسعود خان نے کہا کہ پبلک سیکٹر سیاسی ایڈجسٹمنٹ کی وجہ سے بہت پھیل چکا ہے اب پرائیویٹ سیکٹر کو مضبوط کرنا ہوگا ۔ مسلم لیگ ن کی حکومت آزاد کشمیر میں گڈگورنس اور میرٹ کی بالادستی قائم کرئیگی اگر چہ یہ ایک بڑا مشکل اور تلخ کام ہے ۔سرکاری نوکریوں کے لئے سیاسی مداخلت غلط اور ناجائز ہے یہی سفارش اور سیاسی اثر و سو خ ہمارے لیے استعمال ہو تو وہ بھی جائز نہیں ہونا چاہیے ایسے رجحانات کی آئندہ حوصلہ شکنی کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر میں بھارت گزشتہ 70 برسوں سے ناجائز قبضہ کرکے اپنی مسلح افواج کے ذریعے نہتے کشمیریوں پر ظلم وجبر کے پہاڑ توڑ رہا ہے اور عالمی امن کی علمبرداراقوام متحدہ بھی مقبوضہ کشمیر میں رائے شماری کروانے میں مصلحت کا شکار ہے ۔انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کشمیریوں کو اپنا مقدمہ دنیا کے سامنے حقیقی تناظرمیں پیش کرنے کے ذرائع ابلاغ کے ذریعے دنیا کی توجہ اس طرف دلانا ہوگی اور بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں مذموم کارروائیوں کوبھی دنیاسے سامنے بے نقاب کرنا ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق اجاگر کیا ہے۔ حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بین الاقوامی برادری کی بھی حمایت حاصل کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ہمیں ہندوستانی بے بنیاد پروپیگنڈے کا توڑ کرنا ہوگا اور بین الاقوامی برادی کو مسئلہ کشمیر کے اصل حقائق سے آگا ہ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اہلیان میرپور کی بڑی تعداد بیرون ممالک بالخصوص برطانیہ اور یورپ میں آباد ہے جو وہاں کے سیاسی اورمعاشی نظام میں موثر کردار ادا کرنے کے علاوہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بھی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے پوری کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ برطانوی اور یورپی پارلیمنٹ میں کشمیریوں کی نمائندگی سے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اٹھائی جانے والی آواز بڑی اہمیت کی حامل ہے اس حوالے سے بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کی کاوشیں رنگ لا رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری قیادت کو قید وبند کی صعوبتوں میں رکھاگیا ہے کشمیری حریت لیڈر برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو لگا کر کشمیریوں کو ان کے گھروں میں اس لئے قید کررکھا ہے کہ وہ حق کی آواز دنیا کے سامنے پیش نہ کرسکیں ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی ظالم افواج نہتے کشمیریوں کو پیلٹ گن کے ذریعے بصارت سے محروم کررہی ہے لیکن وہ کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو کم نہیں کرسکے۔ مقبوضہ کشمیر میں جاری انقلاب اور آزاد ی کا رنگ بھی پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم کے رنگ جیسا ہے آج بھی شہید ہونے والوں کو پاکستانی پرچم کے کفن میں دفن کیا جاتا ہے ۔انھوں نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لیے پڑھے لکھے نوجوانوں کو اپنا موثر کردار ادا کرنا ہوگا تب جاکر ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو بھارتی پنجہ استبداد سے نجات دلا سکتے ہیں ۔