خبرنامہ کشمیر

کشمیریوں کی حالت زار پر اظہار تشویش؛ میر واعظ

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے مختلف جیلوں ، تھانوں اور تفتشی مراکز میں غیر قانو نی طور پر نظر بندکشمیریوں کی حالت زار پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ نے سرینگر میں ایک میڈیاانٹرویو میں کہا کہ کم عمر لڑکوں اور نوجوانوں کے ساتھ ساتھ معمر افراد کو بھی جھوٹے مقدمات میں سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا گیا ہے جو ایک بدترین انتقامی کارروائی ہے۔ انہوں نے مقبوضہ وادی ، جموں اور بھارت کی جیلوں میں نظر بند تمام کشمیریوں کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا۔ دریں اثنا میرواعظ عمرفاروق نے شہدائے گاؤکدل کو ان کی ۲۷ویں برسی پر شاندار خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے شہداء کے مشن کی تکمیل تک جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری گاؤکدل ، بیج بہاڑہ، ہندواڑہ، کپواڑہ ، حول ، سوپور اور قتل عام کے دیگر واقعات کو نہیں بھلا سکتے ۔ میر واعظ نے کہا کہ کچھ لوگ مقبوضہ وادی میں فرقہ وارانہ منافرت پھلانا چاہتے ہیں لہذا کشمیریوں کو چاہیے کہ وہ بدخواہ عناصر کی سازشوں سے پوری طرح سے باخبر رہیں اور انہیں ناکام بنائیں ۔ حریت رہنماؤں ظفر اکبر بٹ شبیر احمد ڈار ،امتیاز احمد ریشی، بلال صدیقی،مصدق عادل ،فاروق احمد ڈار اور دیگر نے بھی سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں شہدائے گاؤکدل کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔ جموں وکشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی نے بھی ایک بیان میں شہداء گاؤ کدل اور مجاہد کمانڈر شہید فیاض احمد کو انکی برسیوں پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ فیاض احمد کو بھارتی فوجیوں نے 20جنوری1993کو سرینگر میں شہید کیا تھا۔ یاد رہے کہ قابض فوجیوں نے 21جنوری 1990کو سرینگر کے علاقے گاؤ کدل میں پر امن مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کر کے 50سے زائد افراد کو قتل جبکہ سینکڑوں کو زخمی کر دیا تھا۔