خبرنامہ کشمیر

کشمیری اپنی آزادی اور تشخص پر سمجھوتہ نہیں کرینگے:حریت کانفرنس

بھمبر ۔(اے پی پی) حریت کانفرنس کے مرکزی راہنما ملک محمد اسلم نے کہا ہے کہ ریاست جموں و کشمیر کی آزادی ، تشخص اور وحدت کی بحالی کیلئے مقبول بٹ شہید نے 11 فروری 1984 کو اپنی جان کی قربانی دے کرکشمیری قوم کیلئے تحریک آزادی کشمیر کی راہ متعین کر دی،اب ہمیں فیصلہ کرنا ہے کہ ہم نے اپنی سوچ اور فکر کو اکھٹا کر کے تحریک آزادی کو منزل سے ہمکنار کرنا ہے اور بہت جلد کشمیری آزادی کا سورج طلوع ہوتا ہوا دیکھیں گے ، آزادی نوشتہ دیوار ہے اور انشاء اللہ بہت جلد کشمیر آزاد ہو گا ۔ حریت کانفرنس کے مرکزی راہنما ملک محمد اسلم نے کشمیر پریس کلب کے زیر اہتمام مقبول بٹ شہید کی بر سی کے موقع پر “شہید کشمیر سیمینار” سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبول بٹ شہید نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے یہ ثابت کر دیا کہ کشمیری اپنی آزادی اور تشخص پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے اور شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دینگے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی واحدنیت اور تشخص کشمیریوں کی پہچان ہے، کشمیری کسی صورت اپنے تشخص پر آنچ نہیں آنے دینگے اور اسکا حل کشمیریوں کی مرضی کے بغیر نہیں ہوگا ۔ سیمینار سے مرکزی صدر کشمیر فریڈم موومنٹ انجینئر خالد پرویز بٹ، جماعت اسلامی کے رہنما چوہدری محمد علی اختر، کشمیر فریڈم موومنٹ کے رہنما چوہدری ظفر اقبال، تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عبدالرؤف کاشر، صدر ڈسٹرکٹ بار بھمبر چوہدری عارف سرفراز، صدر بھمبر پریس کلب افتخار ساجد عظیمی، مسلم کانفرنس کے ضلعی جنرل سیکرٹری راجہ صوفی مسعود اسلم، مسلم لیگ نون کے ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری جمیل سلطان و دیگر نے بھی خطاب کیا۔