خبرنامہ کشمیر

کشمیری اپنےعظیم شہداءکےمقدس لہوکوہرگزرائیگاں نہیں جانےدیں گے،سیّدعلی گیلانی

بھارتی آرمی چیف

سرینگر ۔(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیّد علی گیلانی نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے کیلئے ہر طرح کے حربے آزما رہا ہے لیکن کشمیری اپنے عظیم شہداء کے مقدس لہو کو ہر گز رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ کشمیر میڈیاسرو س کے مطابق سیّد علی گیلانی نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے پی ایچ ڈی سکالر ڈاکٹر سبزار احمد صوفی کی نماز جنازہ کے شرکاء سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے 1947ء میں فوجی طاقت کے بل پر جموں وکشمیر کے ایک بڑے حصے پر کشمیریوں کی مرضی اور منشا کے خلاف قبضہ جما لیا جس کے خلاف کشمیری گزشتہ 71برس سے برسرپیکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کی آواز کو دبانے کیلئے دس لاکھ کے لگ بھگ فوجی مقبوضہ کشمیر میں تعینات کر رکھے ہیں جن کا کشمیری بے سرو سامانی کی حالت میں مقابلہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری سیاسی یا اقتصادی مراعات کے حصول کیلئے نہیں بلکہ صرف اور صرف اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کیلئے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے شہید ڈاکٹر سبزار احمد اور انکے ساتھی آصف احمد کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ عظیم قربانیاں ایک روز ضرور رنگ لائیں گی۔ سیّد علی گیلانی نے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ تحریک آزادی کے خلاف بھارتی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مزید مضبوط بنائیں۔دریں اثناء بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں پی ایچ ڈی سکالر اور ان کے ساتھ کی شہادت پر آج مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال ہے جس کی کال سیّد علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے دی ہے۔ مشترکہ حریت قیادت نے قابض فورسز کی طرف سے جار قتل و غارت کے خلاف (کل) 26 اکتوبر بروز جمعہ کو پرامن مظاہروں کی بھی اپیل کی ہے۔