خبرنامہ کشمیر

کشمیری بھارتی تسلط سے نجات کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں، معراج الدین، فردوس شاہ

سری نگر ۔ (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماؤں معراج الدین کلوال اور فردوس احمد شاہ نے کہا ہے کہ کشمیری کسی قسم کی مراعات کیلئے نہیں بلکہ بھارت کے غیر قانونی تسلط سے نجات کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت رہنماؤں نے سرینگر کے علاقے آبی گزر میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ خطہ ہے جس پر بھارت نے کشمیریوں کی مرضی کے خلاف قبضہ جما رکھا ہے۔ انہوں نے کہ بھارت اپنے غیر قانونی قبضے کو مضبوط بنانے کیلئے انتہائی اوچھے ہتھکنڈٖے استعمال کر رہا ہے لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں ہرگز کامیاب نہیں ہوگا۔ انہوں نے مقبوضہ وادی میں کرائے جانے والے مشکوک سروے پر تشویش ظاہر کی جس میں لوگوں پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ وہ اپنے مسلک کے بارے میں معلومات فراہم کریں۔ انہو ں نے کہا کہ اس نام نہاد سروے کا مقصد کشمیریوں کو فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم کرنا ہے ۔ حریت رہنماؤں نے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ تحریک آزادی کیخلاف بھارت کی مذموم سازشوں سے باخبر رہیں اور اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مضبوط بناتے ہوئے ان سازشوں کو ناکام بنائیں۔