خبرنامہ کشمیر

کشمیری تحریک آزادی کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پر عزم ہیں، یاسین ملک

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے بھارت کی تمام تر ریاستی دہشت گردی کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ تحریک آزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پر عزم ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے ، جنہیں بھارتی پولیس نے جمعرات کو سرینگر میں گھر پر چھاپے کے دوران پھر گرفتار کیا ، ایک بیان میں کہا کہ اپنے آپ کو دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک کہلوانے والے ملک نے کشمیریوں کے تمام حقوق سلب کر رکھے ہیں اور نہتے شہریوں کے خلاف بڑے پیمانے پر ظلم و جبر کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ محمد یاسین ملک نے کہا کہ گزشتہ چار ماہ کے دوران قابض بھارتی فورسز نے سو سے زائد بے گناہوں کو شہید، سترہ ہزار سے زائد کو زخمی جبکہ سینکڑوں کو بصارت سے محروم کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ فورسز نے کشمیریوں کے جذبے آزادی کو دبانے کیلئے کروڑوں روپے مالیت کی املاک بھی تباہ کیں اور کم عمر لڑکوں سمیت ہزاروں کشمیریوں کو سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا۔ محمد یاسین ملک نے کہا کہ تاریخ اس بات کی شاہد ہے کہ ظلم وجبر سے آزادی کی تحریکوں کو دبایا نہیں جاسکتااور فتح بالآخر حق کی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری شہداء کی عظیم قربانیاں بھی ایک روز ضرور رنگ لائیں گی اور جموں وکشمیر بھارتی چنگل سے آزاد ہو گا۔