خبرنامہ کشمیر

کشمیری حریت رہنماؤں کا صوفی اکبر کو خراج عقیدت

کشمیری حریت رہنماؤں کا صوفی اکبر کو خراج عقیدت
سرینگر:(ملت آن لائن)مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے ممتاز آزادی پسند رہنماصوفی محمد اکبر کو ان کی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد اعظم انقلابی، محمد مصدق عادل ، غلام نبی زکی، بشیر احمد بٹ، عبدالرشید مغلو ، محمد صدیق شاہ، شاہد کشمیری ، الطاف اندرابی اور دیگر حریت رہنماؤں اور کارکنوں نے سرینگر میں جاری بیانات میں صوفی محمد اکبر بٹ کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی تحریک آزادی کیلئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔صوفی محمد اکبر بٹ نے 7 مئی 1977 ء کوجموں وکشمیر محاذ آزادی قائم کی تھی۔ انہیں تحریک آزادی کے ساتھ جدوجہد کی پاداش میں کئی برس جیل میں رکھا گیا۔ وہ 14دسمبر 1987ء کو وفات پا گئے۔ان کی برسی پر سوپورمیں ایک عائیہ تقریب کا انعقاد کیاگیا جس میں مرحوم کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ صوفی اکبر ایک بااصول شخص تھے جنہوں نے اپنے مشن پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوفی محمد اکبر شیخ محمد عبداللہ کے خلاف اس وقت کھڑے ہو گئے جب انہوں نے بدنام زمانہ ’’ اندرا عبداللہ ایکارڈ‘‘ کیا۔تقریب میں محمد اقبال میر، قطب عالم، محمد احسن اونتو، ایڈووکیٹ بشیر احمد، محمد احمد بٹ، محمد اکبرگنائی اور غلا م قادر راہ شریک تھے۔دریں اثنا جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے غیر قانونی طور پر نظر بند چیئرمین محمد یاسین ملک نے بھی سرینگر میں جاری ایک بیان میں صوفی محمد اکبر کو ان کی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں انتہائی محب وطن اور مخلص رہنما قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ مرحوم نے پر خار راہ کا انتخاب کیا اور اپنی وفات تک تحریک آزادی کے ساتھ وابستہ رہے۔