خبرنامہ کشمیر

کشمیری حق خود ارادیت ملنے تک 27اکتوبر کو بطور یوم سیاہ مناتے رہیں گے

سرینگر ۔ 27 اکتوبر (ملت + اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں آزادی پسند رہنماؤں نے کہا ہے کہ جب تک بھارت کشمیریوں کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے نہیں کرتا اس وقت تک کشمیری عوام 27اکتوبر کو بطور یوم سیاہ مناتے رہیں گے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے غیر قانونی طور پر نظر بند رہنما محمد یاسین ملک نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ27 اکتوبر جموں کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے کیونکہ اپنے آپ کو دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک کہلوانے والے بھارت نے 1947میں اس روز کشمیریوں کی مرضی اور منشا کے خلاف جموں وکشمیر پر غیر قانونی طور پر قبضہ جما لیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری آج تک بھارت کے اس ناجائز قبضے کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔ محمد یاسین ملک نے کہا کہ بھارت کو چاہیے کہ وہ اٹوٹ انگ کی رٹ ترک کر کے کشمیریوں کے ساتھ کے گئے اپنے وعدے پورے کرے اور انہیں ان کا پیدائشی حق، حق خود ارادیت دے۔دختران ملت کی ترجمان نے سرینگر میں جاری بیان میں کہا کہ27 اکتوبر1947کو بھارت نے کشمیریوں کی خواہشات، امنگوں اور آرزؤں کو پامال کرتے ہوئے کشمیر میں فوج اتار دی تھی جس کے خلاف کشمیری قربانیوں کی ایک لازوال تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ بھارت کے ساتھ مہاراجہ ہری سنگھ کانام نہاد الحاق دھوکہ دہی اور فریب پر مبنی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری ہر برس 27اکتوبر کو یوم سیاہ مناکر عالمی برادری کو باور کراتے ہیں کہ انہیں جموں وکشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے ہرگز تسلیم نہیں۔ جموں و کشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری بیان میں کہا ہے کہ 27اکتوبر 1947کو بھارت نے تقسیم برصغیر کے تمام اصول و ضوابط ایک طرف رکھ کر کشمیریوں کی مرضی کے خلاف سرینگر میں فوج اتاردی ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر یوں نے کبھی بھی اس فوجی قبضے کو قبول نہیں کیا اور وہ بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے گزشتہ 70برس سے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی آزادی دبانے کیلئے ان پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے لیکن وہ دن دور نہیں جب بھارت کا ظلم وجبرپاش پاش ہو جائے گا اور کشمیری عوام آزادی کا سور ج دیکھیں گے۔