خبرنامہ کشمیر

کشمیری رہنماؤں کی برطانوی رکن پارلیمنٹ سے ملاقات

لندن: (اے پی پی) کشمیری رہنماؤں پر مشتمل ایک وفد نے برطانوی رکن پارلیمنٹ فیونا میکٹیگرٹ سے ملاقات کی اورانہیں مقبوضہ کشمیرکی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وفد میںآزاد کشمیرکے سابق وزیر محمود ریاض، کشمیر کنسرن برطانیہ کے سرپرست اعلیٰ پروفیسر نذیر احمد شال، جے کے ایل ایف کے نمائندے مشتاق ملک، کونسلر عشرت شاہ اور کونسلرحقیق ڈار شامل تھے۔ وفد نے کشمیری اور برطانیہ میں رہنے والے پاکستانی تارکین وطن کے نمائندوں کے منظور شدہ ایک مشترکہ اعلامیہ بھی رکن پارلیمنٹ کو پیش کیا ۔ وفد نے رکن پارلیمنٹ کو بتایا کہ برطانوی حکومت کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا سخت نوٹس لینا چاہیے جہاں بھارتی فورسز نے گزشتہ 52روز کے دوران نہتے مظاہرین پر اندھادھند فائرنگ ، پیلٹ گن اور آنسو گیس کے بے دریغ استعمال کے دوران 86کشمیریوں کو شہید اور 8ہزار سے زائد کو زخمی کردیا ہے ۔ برطانوی رکن پارلیمنٹ نے وفد کو کشمیر کی صورتحال کے بارے میں اپنی تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے کیا اورمقبوضہ کشمیرمیں خوف و ہراس کے ماحول اور مسلسل کرفیو کی شدید مذمت کی ۔ انہوں نے کہاکہ لیبر پارٹی کی شیڈو وزیر خارجہ ایملی تھورن بیری اورکشمیر کے بارے میں کل جماعتی پارلیمانی گروپ کے چیئرمین ڈیوڈ نٹل کو اس سلسلے میں مراسلہ بھجوایا اور ان سے گروپ کا اجلاس بلانے کیلئے کہا ۔