خبرنامہ کشمیر

کشمیری رہنماؤں کے خلاف چارج شیٹ بے بنیاد ہے، حریت رہنما

کشمیری رہنماؤں کے خلاف چارج شیٹ بے بنیاد ہے، حریت رہنما

سرینگر (ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماؤں شبیر احمد ڈار ، محمد اقبال میر ، امتیاز احمد ریشی غلام نبی وار اور انسانی حقوق کے کارکن محمد احسن اونتو نے بھارتی تحقیقاتی ادارے’این آئی اے‘ کی طرف سے کشمیری مزاحمتی رہنماؤں کے خلاف عدالت میں دائر کی جانے والی چارج شیٹ کو بے بنیاد اورگمراہ کن قرار دیا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق حریت رہنماؤں نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ بھارتی حکومت این آئی اے کو کشمیریوں کے خلاف ایک آلے کے طور پر استعمال کر رہی ہے لیکن وہ مذموم مقاصد میں ہرگز کامیاب نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو تحریک آزادی سے دور رکھنے کیلئے شدید مظالم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے لیکن کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ شہداء کے مقدس مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کیے ہوئے ہیں۔ حریت رہنماؤں نے اپنے بیان میں بھارتی فوج کے سربراہ بپن راوت کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بے گمراہ کن بیانات سے بھارتی رہنماؤں کو کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ انہوں نے این آئی اے کی طرف سے شبیر احمد شاہ کی اہلیہ ڈاکٹر بلقیس کوایک مرتبہ پھر نئی دلی طلب کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اب حریت رہنماؤں کے اہلخانہ کو بھی مختلف طریقوں سے ہراساں کیا جا رہا ہے۔ ادھر تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال احمد صدیقی کی قیادت میں ایک وفد شہید محمد ایوب میر کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے مولو چتراگام گیا۔ محمد ایوب میرگزشتہ برس دسمبر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہو ا تھا اور وہ گزشتہ روز ہسپتال میں دم توڑ بیٹھا۔بلا ل احمد صدیقی نے شہید کے لواحقین کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت نے اپنی فورسز کو نہتے کشمیریوں کے قتل کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے اور کشمیریوں کو تحریک آزادی سے دور رکھنے کے لیے ظلم و ستم کے نئے نئے ہتھکنڈے استعمال کیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو یہ بات یاد رکھنی چاہے کہ جبر واستبداد کے ذریعے کسی قوم کے جذبہ حریت کو ہرگز دبایا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ایک روز ضرور رنگ لائیں گی۔ وفد میں بلال صدیقی کے علاوہ شیخ معصیب،ریاض احمد اور رفیق احمد بھی شامل تھے۔