خبرنامہ کشمیر

کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے‘ جبر وتشد د سے کشمیریوں کی تحریک آزادی نہیں رک سکتی‘ اورنگزیب مغل

میرپور(ملت + آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے مرکزی رہنما اورنگزیب مغل نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے بھارت جبر وتشد دکے ذریعے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو کسی بھی صورت نہیں روک سکتا مقبوضہ وادی میں 114ویں روز بھی کرفیو اور بھارتی مظالم کی انتہا نے بھارت کا مکار چہرہ پورے دنیا کے سامنے عیاں ہو چکا ہے ۔ان خیالات کاا اظہار انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ مودی سرکار نے مقبوضہ وادی میں مظالم اور وحشیانہ تشدد کر کے بد ترین مثال قائم کی ہے بھارت امن کے نام سیاہ دھبہ ہے عالمی برداری بھارتی جارحیت کا نوٹس لیں اور کشمیریوں کو ان کا حق خود اردایت دلوانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف نے کشمیرپر ٹھوس موقف اور بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کشمیریوں کی بھرپور حمایت کی ہے جس پر پوری کشمیری قوم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت قابل مذمت ہے انڈین آرمی بزدلی کا مظاہرہ کررہی ہے اور کنٹرول لائن پر واقع سویلین آباد ی میں اندھا دھند فائرنگ اور شدید گولہ باری کر کے معصوم شہریوں شہید کر رہی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی تک بھارت سے جنگ جاری رہے گی اگربھارت نے مسئلہ کشمیر حل نہ کیا تو پھر تیسری عالمی جنگ بھی ہو سکتی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے صدر و وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے آزادخطہ کی بہتری کے لیے جو اقدامات اٹھائے ہیں وہ قابل تحسین ہیں آزادکشمیر میں مسلم لیگ ن تعمیر وترقی کا انقلاب برپا کر دیگی اور عوام کے مسائل ان کی دہلیزپر حل ہونگے ۔