خبرنامہ کشمیر

کشمیر پر عالمی معیار کی کمیٹی بنائی جائے: مشعال ملک

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے مطالبہ کیا ہے کہ کشمیر کمیٹی کے بجائے مسٔلہ کشمیر پر عالمی معیار کی کمیٹی بنائی جائے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم بے نقاب کرنے کے لیے جلد تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔ سید علی گیلانی کے بعد مشعال ملک بھی کشمیر کمیٹی پر بول پڑیں۔ کشمیر کمیٹی کے بجائے عالمی معیار کی کمیٹی بنانے اور پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی کا مطالبہ کر دیا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشعال ملک نے اعلان کیا کہ مسلہ کشمیر پر عالمی دنیا کی توجہ کیلئے بھرپور تحریک کا آغاز کرنے جا رہی ہیں۔ دنیا کو بتایا جائے کہ پاکستان اور کشمیر الگ نہیں۔ حریت رہنما یاسین ملک کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اہلیہ مشعال ملک نے کہا کہ گرفتاریوں کا مقصد بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر احتجاج کو روکنا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔۔