خبرنامہ کشمیر

کشمیر پر غیرآئینی قبضے کے خلاف اسلام آباد میں حریت کانفرنس کی کال پرمظاہرہ

اسلام آباد(ملت + آئی این پی)بھارت کے کشمیر پر غیرآئینی اور غاصبانہ قبضے کے خلاف یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہوئے حریت کانفرنس آزادکشمیر چپٹر نے یہاں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں آزاد کشمیر کے وزیر چوہدری طارق فاروق اور رکن قانون ساز اسمبلی پیر علی رضا بخاری نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو حریت کانفرنس کے احتجاجی مظاہرے میں، کنونیئر حریت کانفرنس میر طاہر مسعود کی دعوت پر سینئر وزیر آزادحکومت چوہدری طارق فاروق اور ممبر اسمبلی پیرعلی رضا بخاری نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر پیر علی رضا بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے نہ صرف آج کے روز غاصبانہ قبضہ کیا بلکہ 69 سالوں میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کرتے ہوئے لاکھوں لوگوں کو شہید، زخمی اور بے گھر کیا۔آج بھی بھارت نے انسانی تاریخ کا طویل ترین کرفیو لگارکھا ہے جس پر عالمی ضمیر کو جگانے اور کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کیلئے ہم سڑکوں پر ہیں۔