خبرنامہ کشمیر

کشمیر ی اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مضبوط بناتے ہوئے بھارتی سازشوں کو ناکام بنائیں، سید علی گیلانی حکیم الرحمان اور دیگر شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت، کلثو م نواز کے انتقال پر اظہار تعزیت

بھارتی آرمی چیف

سرینگر ۔ (ملت+اے پی پی) کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ہندواڑہ اور سوپور میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مزید مضبوط بناتے ہوئے تحریک آزادی کے خلاف بھارتی سازشوں کو ناکام بنائیں۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں نامعلوم مسلح افراد کے ہاتھوں بومئی سوپور میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے کارکن حکیم الرحمان کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید کارکن کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکیم الرحمان تحریک حریت جموں کشمیر کے صف اول کے کارکن تھے اور ان کے بہیمانہ قتل سے نہ صرف تحریک حریت، بلکہ رواں جدوجہد آزادی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکیم الرحمان کے سفاکانہ قتل کا مقصد آزادی پسند رہنماؤں اور کارکنوں کو ہراساں کرنا ہے لیکن بھارت قتل وغارت اور ظلم وجبر کے ان ہتھکنڈوں کو آج تک کئی بار آزماچکا ہے، لیکن وہ اپنے مذموم منصوبوں میں ناکام رہا۔ سید علی گیلانی نے ڈسٹرکٹ کوٹ کولگام میں پیشی کے لئے آنے والے غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کے ساتھ انکے اہلخانہ کو ملاقات کی اجازت نہ دینے کے قابض انتظامیہ کے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی ظالمانہ قرار دیا۔ دریں اثناء سید علی گیلانی نے پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے لئے دُعائے مغفرت کی۔جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے بھی سرینگر سے جاری ایک بیان میں کلثوم نواز کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ بیان کے مطابق یاسین کی اہلیہ مشعال ملک جو آج کل اسلام آباد میں مقیم ہیں ،غم زدہ خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت کیلئے لاہور رائے ونڈ گئیں۔ محمد یاسین ملک نے اپنے بیان میں سرینگر بٹہ مالو کی سماجی شخصیت محمد یوسف مزاز کی وفات پر بھی گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے انکے لاحقین کیساتھ اظہار تعزیت کیا ہے۔ جموں کشمیرمسلم لیگ نے بھی پارٹی کے قائم مقام چیئرمین عبدالاحد پرہ کی زیر صدارت سرینگر میں منعقدہ ایک تعزیتی اجلاس میں کلثوم نواز کے انتقال پر غمزدہ خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔ اجلاس میں کشمیری شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے عظیم مشن کی تکمیل تک جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔