خبرنامہ کشمیر

گرفتاریوں سے بھارتی حکمرانوں کی بوکھلاہٹ واضح ہوتی ہے،جماعت اسلامی

سرینگر: (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں جماعت اسلامی نے حریت رہنماؤں کی گرفتاریوں اور نظربندی کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جماعت کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی اور دیگر حریت رہنماء میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک کی گرفتاری سے بھارتی حکومت کی بوکھلاہٹ ظاہر ہوتی ہے ۔ ترجمان نے کہاکہ ان کے علاوہ سینکڑوں دیگر حریت رہنماؤں اورکارکنوں کو بھی گرفتارکر کے مختلف جیلوں یا پولیس اسٹیشنوں میں نظربند کردیاگیا ہے ۔انہوں نے واضح کیاکہ ان ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو کمزور کرنے کی سازش کی جارہی ہے ۔انہوں نے واضح کیاکہ کشمیری اپنے حق خودارادیت کے حصول کیلئے پر امن جدوجہد آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں جس کا وعدہ ان سے اقوام متحدہ کی قراردادوں میں کیاگیا ہے ۔ جماعت اسلامی نے تمام حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی فوری غیر مشروط رہائی کا بھی مطالبہ کیا ۔