خبرنامہ کشمیر

ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے وفد کی تہاڑ جیل میں کشمیری نظر بندوں کے ملاقات

ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے وفد کی

ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے وفد کی تہاڑ جیل میں کشمیری نظر بندوں کے ملاقات

سرینگر (ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ اسکے ایک 3رکنی وفد نے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کے ساتھ ملاقات کی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ہائی کورٹ بارایسوسی ایشن کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ ایڈووکیٹ جی این شاہین، ایڈووکیٹ مشتاق احمد ڈار اور ایدووکیٹ ارشد اندرابی پر مشتمل بار ٹیم نے سیل نمبر4 اور 8 میں نظر بندکشمیریوں سے ملاقات کی۔انہوں نے کہا کہ وفد نے الطاف احمد شاہ، پیر سیف اللہ، ایاز اکبر ، شاہد الاسلام ، معراج الدین کلوال، نعیم احمد خان ، فاروق احمد ڈار، ظہور احمد وٹالی،شاہد یوسف ، جاوید احمد بٹ، ظہور احمد ، پیر نذیر احمد، محمد اسلم وانی اور غلام جیلانی کے ساتھ ملاقات کی۔ ترجمان نے کہا کہ بار ٹیم نے اس موقع پر نظر بندوں کی سلامتی اور انکی گرتی ہوئی صحت کا معاملہ جیل انتظامیہ کے ساتھ اٹھایا۔

دولت مشترکہ ممالک سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے کی اپیل
لندن’’ورلڈ کشمیر فریڈم موومنٹ‘‘ نے دولت مشترکہ ملکوں کے سربراہوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق’’ورلڈ کشمیر فریڈم موومنٹ‘‘ کے صدر مزمل ایوب ٹھاکر نے دولت مشترکہ کے ملکوں کے سربراہوں کو ایک خط کے ذریعے قابض بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے لکھا کہ بھارتی فورسز کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے کیلئے خواتین کی بے حرمتی، بے گناہ شہریوں کو جعلی مقابلوں میں قتل اور جبری گمشدگیوں کو ایک جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہیں ۔ خط میں لکھا گیا کہ مہلک پیلٹ بندوق کے استعمال سے اب تک ہزاروں کشمیری قتل، زخمی اور بصارت سے محروم ہو چکے ہیں۔انہوں نے دولت مشترکہ کے 52ملکوں کے سربراہوں سے اپیل کی کہ وہ کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پاس کردہ قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے کردار ادا کریں ۔ انہوں نے لکھا کہ تنازعہ کشمیرکو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کیے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔