خبرنامہ کشمیر

یورپی یونین مقبوضہ کشمیر میں ظلم وستم بند کروانے: سردار مسعود خان

یورپی یونین مقبوضہ کشمیر میں ظلم وستم بند کروانے: سردار مسعود خان
اسلام آباد: (ملت آن لائن) یورپی پارلیمنٹ اور یورپی یونین انسانی حقوق کمیشن، یورپی یونین کے چارٹر کے عالمی اعلامیہ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بند کروانے کے پابند ہیں۔ صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر سجاد کریم ، ممبر برطانوی پارلیمنٹ کے ہمراہ کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ یورپی پارلیمنٹ انسانی حقوق کی زبردست محافظ ہے لیکن مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر خاموش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایک پالیسی کے مطابق بین الاقوامی برادری سے منافع بخش اقتصادی معاہدوں کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر خاموش رہنے کی بارگیننگ کر رہا ہے ۔ اور یہ بات بھارت کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث ہے ۔ کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت کی جانب سے ایسے ہتھکنڈوں کے استعمال کے باوجود کشمیریوں کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا ۔ کیوں کہ انہوں نے اپنے پیدائشی حق ، حق خود ارادیت کے حصول کے لیے مصمم عزم کر رکھا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں صدر نے کہا کہ کشمیری پاکستان کی جانب سے اخلاقی سفارتی و سیاسی حمایت کے ساتھ آزادی کی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ کیونکہ انہوں نے 70 سالوں میں 03 نسلوں کا خون بہایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیریوں کی حمایت میں بڑے پیمانے پر مہم چلانا چاہتے ہیں تاکہ یورپین اداروں کے سامنے بھارت کے اصل چہرے کو بے نقاب کیا جا سکے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں 7 لاکھ بھارتی افواج کی جانب سے کی جانے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے بین الاقوامی برادری کو آگاہ کیا جانا ضروری ہے ۔ کشمیری اپنی آزادی کے لیے پر امن احتجاج کر رہے ہیں ۔جنہیں ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ صدر آزاد کشمیر نے ڈاکٹر سجاد کریم کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے برطانیہ یورپی یونین اور پاکستان و کشمیری کمیونٹی میں مسئلہ کشمیر پر کشمیریوں کی بھرپور حمایت کی ہے اور انہوں نے عوامی رائے عامہ کو بھی ہموار کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔