خبرنامہ کشمیر

یوسف نقاش کی طرف سے بھارت میں کشمیری طلباء پر حملے کی مذمت

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء اور اسلامک پولیٹیکل پارٹی کے سربراہ محمد یوسف نقاش نے نوئیڈا نئی دلی میں زیر تعلیم کشمیری طلبہ پرحملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت میں زیر تعلیم کشمیری طالبعلموں پر حملے کا واحد مقصد انہیں ذہنی طور ہراساں کرنا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمد یوسف نقاش نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں حملے کو غیر انسانی قرار دیتے ہوئے کہا اس طرح کی کارروائیوں کا مقصد ان کے کیرئیر کو تباہ کرنا اور ان میں عدم تحفظ کاا حساس پید کرنے کے سوا کچھ نہیں۔انہوں نے کہا کہ طلباء ہمارا مستقبل ہیں اور ان کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کی ہرگز اجازت نہیں دی جائیگی۔انہوں نے بھارت کی دانش گاہوں اورتعلیمی اداروں میں کشمیری طلباء کو تحقیق کے نام پر ہراساں کرنے کی اطلاعات پر بھی تشویش ظاہر کی ۔حریت رہنمانے کشمیری نوجوانوں اور بالخصوص طلباء کے خلاف کٹھ پتلی انتظامیہ کی طرف سے کئے جانیوالے اقدامات کو آمرانہ قرار دیتے ہوئے کہا ایک طرف کشمیرمیں صدائے حق بلند کرنے والوں کے خلاف پیلٹ گن جیسے مہلک ہتھیاروں سے بینائی چھینی جارہی ہے اورانہیں زندان میں ٹھونسا جارہا ہے جبکہ دوسری طرف بھارت میں زیر تعلیم کشمیری طلباء کو بھی بے جا طورپر نشانہ بنایا جارہا ہے۔یوسف نقاش نے رفیع آباد میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے نو جوانوں کوبھی زبردست خراج عقیدت پیش کر تے ہو ئے کہا کہ کشمیری شہداء کے مشن کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھنے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا ۔