خبرنامہ کشمیر

اقوام متحدہ کی رپورٹ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم اور انسانی حقوق کی سنیگین خلاف ورزیوں کو بے نقاب کر دیا ہے،برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر صاحبزادہ احمد خان کا پاکستانی الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے نمائندوں سے خطاب

اسلام آباد ۔(ملت آن لائن) برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر صاحبزادہ احمد خان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے مظالم اور انسانی حقوق کی سنیگین خلاف ورزیوں کو بے نقاب کر دیا ہے۔ جمعہ کو پاکستانی ہائی کمیشن لندن میں پاکستانی الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پاکستانی صحافیوں پر زور دیاکہ وہ یواین ہیومن رائٹس کونسل کی جانب سے جاری حالیہ رپورٹ کی روشنی میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ تقریب میں برٹش۔پاکستانی میڈیا کے نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ صاحبزادہ احمد خان نے کہا کہ وہ برطانوی پارلیمنٹیرینز،وزراء سے ملاقات اور انٹر نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اور رائل یونائٹیڈ سروس انسٹی ٹیوٹ سمیت برطانوی تھنک ٹینکس کے اجلاسوں میں شرکت کر کے انہیں یو این رپورٹ کی روشنی میں بھارتی مظالم سے آگاہ کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کے عوام کیخلاف وحشانہ طاقت استعمال کر رہا ہے جو آزادی کیلئے جدوجہد کررہے ہیں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے حصول کیلئے اپنی جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر بھر پور توجہ دینگے۔