خبرنامہ خیبر پختونخوا

پشاور:بھتہ خوری کے واقعات میں اضافہ

پشاور:(اے پی پی)پشاور میں بھتہ خوری کے واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے، وارداتوں میں افغان سم کے استعمال کے شواہد ملیں ہیں،تدارک کے لئے آئی جی خیبر پختونخوا نے وفاق سے مدد مانگ لی۔ آئی جی خیبر پختونخوا ناصر درانی نے پشاور میں بھتہ خوری کے بڑھتے ہوئے واقعات پر قابو پانے کے لئے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا۔خط میں کہا گیا ہے کہ دوہزار سولہ میں بھتہ خوری کے واقعات میں اچانک اضافہ ہوا ہے جس میں اٹھانوے فیصد واقعات میں افغانستان میں بیٹھے شرپسند ملوث پائے گئے ہیں،افغان سموں سے متعلق اعتراف کچھ روز پہلے ایس ایس پی عباس مروت نے بھی کیا تھا۔آئی جی کے پی کے نے خط میں وزارت داخلہ سے استدعا کی ہے کہ وہ افغانستان سے اس مسئلے کو فوری طور پر اٹھائے اور افغان حکومت سے ان شرپسندوں کے خلاف کاروائی کی استدعا کرے۔آئی جی خیبر پختونخوا کی جانب سے وزارت داخلہ کو آگاہ کیا گیا ہے کہ جب تک افغان سرحد سے ملحق علاقہ جات میں سگنلز کے پھیلاﺅ کا تدارک نہ کیا جائے یہ مسئلہ حل نہیں ہو سکتا۔