خبرنامہ خیبر پختونخوا

آزاداراکین اسمبلی9 اگست تک سیاسی جماعتوں میں شمولیت سے آگاہ کردیں، الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا

پشاور: (ملت آن لائن): الیکشن کمیشن خیبر پختونخوا نے آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے اراکین اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ وہ جمعرات 9اگست تک کمیشن کو سیاسی جماعتوں میں شمولیت سے متعلق اپنے فیصلوں سے آگاہ کر دیں بصورت دیگر انکی آزاد حیثیت برقرار رہے گی، کمیشن کے صوبائی ترجمان سہیل خان کے مطابق خیبر پختونخوا سے صوبائی اور قومی اسمبلی کی نشستوں پر منتخب ہونے والے آزاد اراکین جمعرات 9 اگست تک کسی بھی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کرسکتے ہیں، جو امیدوار کسی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کرتا ہے وہ باقاعدہ تحریری طور پر اس جماعت کے سربراہ کو درخواست کریگا اور پارٹی سربراہ اس کی درخواست کو منظور کرتے ہو صوبائی الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا کو بھجوا ئے گا، مزید برآں امیدوار اپنی درخواست کے ساتھ شمولیت کے حوالے سے بیان حلفی جو کہ اوتھ کمشنر سے تصدیق شدہ ہوگابھی منسلک کریگا، متعلقہ امیدوار متعلقہ جماعت کے دو عہدیداران کو بحیثیت گواہ صوبائی الیکشن کمشنر کے سامنے پیش کرنیکا بھی پابند ہے۔