خبرنامہ خیبر پختونخوا

اقتصادی راہداری معیشت کے حوالے سے اہم منصوبہ ہے اسے متنازعہ نہ بنایا جائے:اکرم خان درانی

پشاور۔( اے پی پی )وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری کے حوالے سے ابہام نہیں پیدا کرنا چاہئے ٗ یہ معیشت کے حوالے سے ایک اہم منصوبہ ہے اس منصوبے کی تکمیل سے پاکستان ایک نیا پاکستان بنے گا ٗ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس میں چیمبر کے مستقل اراکین ٗایگزیکٹو ممبران اور سابق صدور سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ کے حوالے سے جو پارلیمانی کمیٹی بنی ہے میں اس کا ممبر ہوں اور بطور ممبر صوبے کے مفادات کا تحفظ کیا جائے گا ۔ انہوں نے خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس مدعو کرنے پر چیمبر کے صدر اور تمام اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس صوبے کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور چیمبر کی بزنس کمیونٹی نے صوبے کے نامساعد حالات کے باوجود اپنی کاروباری سرگرمیاں جاری رکھیں جس سے نہ صرف روزگار کے مواقع حاصل ہوئے بلکہ صوبے کی معاشی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مٹی کی خصوصیت یہ ہے کہ ہم نے یہاں امن کے لئے جانوں کی قربانیاں دی ہیں ٗ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے حالات اگر دوسرے صوبوں میں ہوتے تو مشکل سے وہ اپنی معاشی سرگرمیاں جاری رکھ سکتے مگر یہاں کی بزنس کمیونٹی کو داد دینی چاہئے کہ انہوں نے نہ صرف یہاں اپنی کاروباری سرگرمیاں جاری رکھیں بلکہ یہاں پر رہ کر بھی اس بات کا ثبوت دیا کہ وہ اس صوبے پر جان نچھاور کرنے سے بھی دریغ نہیں کریں گے ٗ انہوں نے تاجر حاجی حلیم جان پر قاتلانہ حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک سچے آدمی تھے ٗ ان کا نقصان نہ صرف چیمبر کا نہیں بلکہ پورے صوبے کا نقصان ہے ٗ ایسے افراد صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں ٗ انہوں نے کہا کہ صوبے میں دہشت گردی ٗ بھتہ خوری اور دیگر جرائم کے خاتمے کے لئے وہ جلد ہی وزیراعظم اور وزیر داخلہ سے بات کریں گے ۔ انہوں نے صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں کثیر رقم گرین خیبر پختونخوا پر لگانے کی بجائے صوبے کے سیکورٹی بہتر بنانے پر لگائی جائے کیونکہ یہاں پر اگر امن و امان قائم نہیں ہو گا تو گرین خیبر پختونخوا پھر کس کے لئے بنائیں گے ۔ انہوں نے شہر کے مختلف حصوں میں سولر سسٹم کی تنصیب پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سولر سسٹم سے چلنے والے بلب اکثر دس بجے کے بعد ہی ناکارہ ہو جاتے ہیں اس لئے اس کا حساب ہونا چاہئے ٗ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کو امن و امان کی حالت بہتر بنانے پر توجہ دینی چاہئے تاکہ دہشت گردی کے واقعات کا تدارک ہو سکے ۔ انہوں نے صوبے میں استعمال ہونے والی افغان سموں کے حوالے سے کہا کہ انہوں نے یہ مسئلہ سینیٹ میں بھی اٹھایا ہے اور بہت جلد اس کے تدارک کے لئے اقدامات کئے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے مغربی اضلاع خصوصاً کرک قدرتی گیس کے ذخائر سے مالا مال ہے صوبے میں نئے گیس کنکشن کے حوالے سے وزیراعظم اور متعلقہ وزیر شاہد خاقان عباسی سے بھی بات کروں گا تاکہ یہاں کے لوگوں کو گیس کے نئے کنکشن مہیا کئے جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ملکی معیشت کی بہتری کے لئے بہت توجہ دے رہے ہیں ٗ انرجی اور پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے بہت کام ہو رہا ہے اور انشاء اللہ ان منصوبوں کی تکمیل سے ملکی معیشت پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے ۔ قبل ازیں چیمبر کے صدر ذوالفقار علی خان نے چیمبر اور بزنس کمیونٹی کے حوالے سے درپیش مسائل سے وفاقی وزیر اکرم درانی کو آگاہ کیا ٗ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ مسائل کے حل کے سلسلے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے