خبرنامہ خیبر پختونخوا

اگلی حکومت پاکستان پیپلز پارٹی کی ہوگی، اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کا دعویٰ

کوہاٹ (ملت + آئی این پی) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اگلی حکومت پاکستان پیپلز پارٹی کی ہوگی،امید عدالت پانامہ کیس میں عوام کے حق میں فیصلہ دیگی ،عدالت کا ہر فیصلہ پیپلز پارٹی کو قبول ہو گا، کارکن متحدہ رہیں شہید بھٹو کا پیغام گھر گھر تک پہنچائیں ۔وہ اتوار کو کوہاٹ میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی اقلیتی ونگ کے سابق صوبائی صدر نصیب چند‘ سابق ایم این اے پیر دلاور شاہ ‘ انفارمیشن سیکرٹری پی وائی او جاوید اقبال‘ ملک بلال حسین‘ فرید ایڈووکیٹ‘ نادر خان خٹک‘ سابق صوبائی وزیر سید قلب حسن‘ سابق صوبائی وزیر سید ظاہر علی شاہ‘ عبدالروف ایڈووکیٹ اور پیر تنویر شاہ کے علاوہ سینکڑوں جیالے بھی موجود تھے۔ سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پانامہ لیکس اربوں روپے کا سکینڈل ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ عدالت عوام کے حق میں فیصلہ دیگی اور عدالت کا ہر فیصلہ پیپلز پارٹی کو قبول ہو گا۔ ایوزیشن لیڈر نے کارکنوں کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ عوامی ترقی میں پیپلز پارٹی ہمیشہ آگے رہی ہے۔ اس موقع پر صوبائی صدر اقلیتی ونگ نصیب چند نے اپوزیشن لیڈرکو اسم اللہ کا تحفہ پیش کیا اور کہا کہ امید کرتے ہیں کہ وہ خیبر پختونخوا کی عوام سنیں گے اور کارکنوں کو درپیش مسائل حل کریں گے۔