خبرنامہ خیبر پختونخوا

ایبٹ آباد ، دومیل کے مقام پر سوزوکی گہری کھائی میں جا گری، 2افراد جاں بحق ، 6 شدیدزخمی

ایبٹ آباد ۔(اے پی پی)ایبٹ آباد کے علاقے پھلکوٹ میں ٹریفک حادثہ میں 2افراد جاں بحق جبکہ ایک خاتون اور 2 بچوں سمیت 6افراد شدیدزخمی ہو گئے ۔پولیس کے مطابق پیر کے روز صبح 8 بجے سوزوکی کیری نمبر 2557 کا ڈرائیور سرفراز پھلکوٹ سے مسافروں کو ایبٹ آباد لیکرآرہاتھاکہ دومیل کے مقام پر موڑکاٹتے ہوئے سوزوکی بے قابو ہوکر گہری کھائی میں جاگری۔ جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار شوکت اور چن زیب موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ڈرائیور سرفراز، نیازمین، نرگس بی بی، مدیحہ ، جواد اور پرویزاں شدیدزخمی ہوگئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور مقامی افراد موقع پر پہنچ گئے اور نعشوں اورزخمیوں کوگاڑی سے نکال کر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال(ڈی ایچ کیو)منتقل کیا ۔زخمیوں کو ایوب ٹیچنگ ہسپتال ریفر جبکہ نعشوں کوپوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردیاگیاہے ۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی تحصیل نائب ناظم سردارشجاع احمد ہسپتال میں پہنچ گئے۔