خبرنامہ خیبر پختونخوا

ایبٹ آباد تعلیمی بورڈ کے زیراہتمام انٹرمیڈیٹ سپلیمنٹری امتحان 17اکتوبرسے شروع ہوں گے

ایبٹ آباد۔ (ملت آن لائن) ایبٹ آباد تعلیمی بورڈ کے زیراہتمام انٹرمیڈیٹ سپلیمنٹری امتحان (کل) بدھ سے شروع ہوں گے، بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن کی طرف سے تمام ترانتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، ضلعی انتظامیہ نے انٹرمیڈیٹ سپلیمنٹری امتحانات 2018ء کے پرامن اور شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے ضلع کے امتحانی مراکز کے ارد گرد 200 گز کے فاصلہ پر عوامی اجتماع پر پابندی عائد کر دی ہے۔ دفعہ 144 کے تحت لگائی گئی یہ پابندی 17 اکتوبر سے 18 نومبر 2018ء تک برقرار رہے گی اور اس کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو قانون کے مطابق سزا دینے کے بارے میں خبردار کیا گیا ہے۔ تمام پرائیویٹ طلباء و طالبات کو رول نمبرز ان کے متعلقہ پتہ جات پر بھیج دیئے گئے ہیں، اگر کسی وجہ سے کسی امیدوار کو رول نمبر نہ ملا تو وہ بورڈ آفس سے ڈپلیکیٹ رول نمبر حاصل کر سکتا ہے۔ امتحانی مراکز کے باہر سیکورٹی کے بھی سخت اقدامات کئے گئے ہیں۔