خبرنامہ خیبر پختونخوا

ایبٹ آباد میں مختلف تعلیمی شعبوں کے قیام کے ساتھ جدید طرز کی ڈائیگناسٹک لیبارٹری کے قیام کا فیصلہ

ایبٹ آباد: (ملت آن لائن) تحصیل ناظم ایبٹ آباد محمد اسحاق ذکریا کی زیر صدارت اجلاس میں ایبٹ آباد میں مختلف تعلیمی شعبوں کے قیام کے ساتھ جدید طرز کی ڈائیگناسٹک لیبارٹری کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہزارہ یونیورسٹی اور تحصیل حکومت ایبٹ آباد میں مشترکہ طور پر مختلف تعلیمی شارٹ کورسز کے انعقاد کیلئے شہر میں ان شعبوں کا قیام عمل میں لانے کے ساتھ ساتھ جدید طرز کی ڈائیگناسٹک لیبارٹری کا قیام بھی عمل میں لائے گی جس سے نہ صرف شہریوں کو صحت و تعلیم کی سستی ترین سہولیات میسر ہوں گی بلکہ دونوں اداروں کے ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔ اعلیٰ سطحی اجلاس میں ہزارہ یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر، ایڈیشنل رجسٹرار ملک سجاد، میجر شیرین اور مختلف شعبوں کے سربراہان سمیت تحصیل نائب ناظم سردار شجاع احمد، تحصیل ممبران ملک سلطان، مجتبیٰ حسن، فرحان شنواری، نعیم گل خان اور تنویر اعوان نے شرکت کی۔ اجلاس میں تحصیل حکومت نے شہریوں کے مفاد میں ہزارہ یونیورسٹی کو ٹاؤن ہال کے متبادل جگہ دینے اور ہزارہ یونیورسٹی کی طرف سے مختلف تعلیمی شعبوں کے قیام کا فیصلہ کیا گیا جس میں شعبہ صحافت، شعبہ سیروسیاحت اور مہمان نوازی کے شارٹ کورس شامل ہیں جبکہ دیگر شعبوں کو مکمل طور عمارت کی تعمیرات کے بعد چلایا جائے گا۔ فراہم کردہ جگہ پر جدید طرز کی ڈائیگناسٹک لیبارٹری کا قیام عمل میں لایا جائے گا جو کم ترین نرخوں پر پشاور اور لاہور میں ہونے والے ٹیسٹ ایبٹ آباد میں کرے گی جس سے شہریوں کو کم ترین پیسوں میں جدید ترین ٹیسٹ بروقت مل سکیں گے۔ دونوں اداروں کے درمیان ہونے والے فیصلوں سے دونوں اداروں کے ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔