خبرنامہ خیبر پختونخوا

ایس ایس ٹی کیڈر کو 27 سال سے اپ گریڈیشن سے محروم رکھا گیا ہے، روح اﷲ جان

ہری پور۔ (ملت آن لائن) ایس ایس ٹیز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے صدر روح اﷲ جان نے کہا ہے کہ ایس ایس ٹی کیڈر کے ساتھ 1991ء سے مسلسل تمام حکومتوں میں زیادتی ہوتی رہی ہے، تمام کیڈرز کو مختلف اوقات میں اپ گریڈیشن دی جاتی رہی لیکن ایس ایس ٹیز کو 27 سال سے کسی بھی قسم کی اپ گریڈیشن سے محروم رکھا گیا، سابق حکومت نے 2017ء میں ایس ایس ٹیز کو بنیادی سکیل 17 دینے کی قرارداد صوبائی اسمبلی سے منظور کی لیکن اپنی ہی منظور شدہ قرارداد پر عمل درآمد کرنے میں گذشتہ چار سال سے ناکام رہی، پشاور ہائی کورٹ ایبٹ آباد بینچ نے بھی ایس ایس ٹیز کو دوسرے صوبوں اور وفاق کی طرز پر بنیادی سکیل 17 دینے کا حکم دیا لیکن حکومت نے ہائی کورٹ کے فیصلہ پر آج تک عمل نہیں کیا، اب ہم ایس ایس ٹیز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے پلیٹ فارم سے ایک بار پھر حکومت سے پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ ایس ایس ٹی کیڈر کو اس کا جائز حق بنیادی سکیل 17 دیکر اسمبلی قرارداد پر عمل کیا جائے اور اس کیڈر کے اساتذہ میں پائی جانے والی بے چینی اور احساسِ کمتری کو ختم کیا جائے۔ وہ گذشتہ روز ایس ایس ٹیز کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں ایس ایس ٹیز اساتذہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس سے صوبائی نائب صدر فدا حسین، ذوالفقار احمد، عمران خان جدون، تیمور خان، رفیق تنولی اور احسان خان نے بھی خطاب کیا اور ایس ایس ٹیز کو جلد از جلد اپ گریڈ کرنے کا مطالبہ کیا۔ اجلاس کے اختتام پر صوبائی صدر نے ضلعی کابینہ کے اراکین کے ہمراہ صوبائی وزیرِ مواصلات اکبر ایوب خان، صوبائی وزیرِ خوراک قلندر لودھی اور سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق احمد خان سے ملاقات کی اور انہیں ایس ایس ٹیز اپ گریڈیشن کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی اور اساتذہ میں پائی جانے والی تشویش سے آگاہ کیا۔ تمام وزراء نے وفد کو یقین دلایا کہ ایس ایس ٹیز کے جائز مطالبہ کے حل کیلئے وزیرِ تعلیم سے مشاورت کی جائے گی۔ اس موقع پر صوبائی صدر اور ان کے ساتھ آنے والے وفد نے ضلع ہری پور کی کابینہ کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ انشاء اﷲ اب ہماری منزل قریب ہے، انشاء اﷲ ایس ایس ٹیز ویلفیئر ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے ایس ایس ٹیز کے حقوق پر کبھی سودے بازی نہیں کرے گی۔