خبرنامہ خیبر پختونخوا

بنوں: انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر کیمرے نصب

بنوں میں انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر جدید کیمرے لگانے کا کام جاری ہے ۔ابتک 400 کیمرے مختلف پولنگ اسٹیشنوں میں نصب کئے گئے ہیں جبکہ مزید 390 کیمرے لگائے جائیں گے۔

بنوں کی ایک قومی اور چار صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر ووٹنگ کے عمل کو پر امن اور صاف و شفاف بنانے کے لئے حکومت کی جانب سے تمام تر انتہائی حساس پولنگ سٹیشنوں میں جدید کیمرے لگانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ انتظامیہ نے انتخابات کے دن ووٹنگ کے عمل کو صاف اور شفاف بنانے اور ممکنہ دھاندلی کی روک تھام کے لئے انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں میں جدید کیمرے نصب کرنا شروع کردیئے ہیں ۔ ابتک 195 انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں کے اندر 400 کیمرے نصب کئے جاچکے ہیں اور مزید پر کام جاری ہے ۔

این اے 35 بنوں کے کل 433 پولنگ سٹیشن اور 1600 پولنگ بوتھ ہیں۔ جن میں 195 پولنگ سٹیشن انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں ۔

این اے 35 بنوں کی واحد قومی اسمبلی کی نشست پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور متحدہ مجلس عمل کے امیدوار سابق صوبائی وزیر اعلی کے پی کے اور سابق وفاقی وزیر اکرم خان درانی کے درمیان دو بدو مقابلہ ہے ۔اور یہ ایک کانٹے کا مقابلہ ہوگا۔ این اے 35 پر 2008 ء کے الیکشن میں مولانا فضل الرحمن نے جبکہ 2013 ء کے انتحابات میں اکرم خان درانی نے کامیابی حاصل کی تھی ۔