خبرنامہ خیبر پختونخوا

تحصیل کونسل مردان جاپانی سفارتخانے اورہاشوفاؤنڈیشن کے تعاون سے سکل ڈیویلپمنٹ سنٹرقائم کرے گی

مردان۔(ملت آن لائن) تحصیل کونسل مردان جاپانی سفارتخانے اورہاشو فاؤنڈیشن کے تعاون سے مردان کے نوجوانوں کو جدید تقاضوں کے مطابق فنی مہارت کی تعلیم کے لئے بہت جلد سکل ڈیویلپمنٹ سنٹر قائم کرے گی۔پروگرام کے تحت مردان کے نوجوانوں کو ہوٹل مینجمنٹ، زراعت، ڈیری فارمنگ ،امدادی سرگرمیوں ،الیکٹریکل اور مکینکل انجنیئرنگ کی تربیت دی جائے گی۔اس حوالے سے ایک اجلاس ٹی ایم اے مردان میں منعقد ہو ا جس میں تحصیل ناظم محمد ایوب خان،نائب ناظم مشتاق سیماب،تحصیل میونسپل افسر نثار خان یوسفزئی،تحصیل کونسلروں الیاس طورو،ہارون خان،ظاہر خان جبکہ جاپانی سفارتخانے کے ایڈوائزر آصف اقبال اور ہاشو فاؤنڈیشن کے جان محمد،محمد سلمان اورخالدہ نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تحصیل کونسل مایار کے قریب ڈیڑھ کنال اراضی فاؤنڈیشن کو لیز پر دی جائے گی جس پرسنٹر کے لئے عمارت بنانے اور نوجوانوں کو فنی مہارت سکھانے کے لئے وسائل جاپانی سفارتخانہ اور ہاشو فاؤنڈیشن مشترکہ طور پر فراہم کریں گے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تحصیل ناظم محمد ایوب خان،نائب ناظم مشتاق سیماب اور ٹی ایم او نثار خان یوسفزئی نے کہاکہ نوجوانوں کی بے روزگاری سے مسائل بڑھ گئے ہیں اور ایسے دور میں طلباء کو اپنی تعلیم کے ساتھ ساتھ فنی مہارت سیکھنے پربھی توجہ دینی چاہیئے۔انہوں نے کہاکہ تحصیل کونسل کے تعاون سے سکل ڈیویلپمنٹ پروگرام میں نوجوانوں کو نئے تقاضوں کے مطابق مفت ہنر سکھائے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ کونسل اپنے محدود وسائل میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف پہنچانے کے لئے کمربستہ ہے۔انہوں نے کہاکہ اس پروگرام سے نوجوانوں کی صلاحتیں ابھر کر سامنے آئیں گی اور اس سے بے روزگاری میں کمی آئے گی۔