خبرنامہ خیبر پختونخوا

حکمرانوں کیلئے اعصاب شکن مرحلہ شروع ہو چکا ہے: وزیر اعلیٰ

پشاور(آئی این پی)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ حکمرانوں کیلئے اعصاب شکن مرحلہ شروع ہو چکا ہے ان کے پاؤں اکھڑ چکے ہیں ۔ ہم پوری تیاری کے ساتھ اسلام آباد میں پاکستان کی فیصلہ کن جنگ لڑنے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں پاکستان تحریک انصاف کے ورکرز کنونشن اور متنی میں جلسے سے خطاب کے دوران کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہماری جدوجہد کرپشن اور بد عنوانی کے خلاف ہے۔ ہم کرپٹ حکمرانوں کا عوامی قوت سے محاصر ہ کریں گے بد عنوان حکمرانوں کو سیاسی اُفق سے مٹائیں گے ۔ حکمران سن لیں ہم ان کا محاسبہ کرنے آرہے ہیں اور کرپٹ حکمرانوں کو ٹھکانے لگا کر واپس آئیں گے انہوں نے کہاکہ کرپشن تمام برائیوں کی جڑ ہے جس سے معاشرتی برائیاں جنم لیتی ہیں اور ہماری پسماندگی کی بنیادی وجہ ہے۔ ہماری جدوجہد تعمیری ہے اور ہم بد ی کی قوتوں کو ٹھکانے لگانے اُٹھ کھڑے ہیں۔عوام اپنے حق کیلئے کھڑے ہیں انہوں نے مفاد پرست ٹولے کو شکست دینے کا عزم کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا سے ایک لاکھ سے زیادہ لوگ اسلام آباد پہنچ کر حکمرانوں کا سیاسی جنازہ نکالیں گے ۔ عوام بے تاب ہیں۔ وہ عمران خان کو اپنا قائد اور لیڈ ر سمجھتے ہیں اور اسکی قیادت میں نئے پاکستان کی بنیاد رکھنے جارہے ہیں۔ کامیابی ہماری ہو گی ۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان حکمرانوں کے اعصاب پر سوار ہیں ۔ کرپٹ حکمرانوں نے اپنے ڈرامچیوں کو پروپیگنڈے پر لگا دیا ہے ۔ کیا یہ پروپیگنڈا ان کے کسی کام آئے گا۔ ان کو بچا سکے گا۔عوام نے اپنی تقدیر کی جنگ لڑنی ہے اور اپنی ہی حکمرانی قائم کرنی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم 2 نومبر کیلئے مکمل تیاری کرچکے ہیں۔ یہ دن ہماری تاریخ کا اہم ترین دن بننے جار ہا ہے انہوں نے یقین دلایا کہ صحیح آزادی اور نئے پاکستان کی جدوجہد میں صوبہ خیبرپختونخوا کا سب سے بڑا حصہ ہو گا۔ ہم عمران خان کے مشن کو مکمل کرکے ہی دم لیں گے ۔ یہ ظلم و ناانصافی کے خلاف اور حقوق کے حصول کی جنگ ہے۔ ہم اپنی آئندہ نسلوں کو کرپشن زدہ پاکستان نہیں چھوڑ سکتے ۔ ہم نے شفاف پاکستان اپنی نسلوں کو دینا ہے جس کی ابتداء ہم نے صوبے میں قیام امن اور کرپشن کے خاتمے سے کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ جنگ ثابت کرے گی کہ پاکستان کرپٹ حکمرانوں کا پاکستان ہے یا غریب اور اہل لوگوں کا۔