خبرنامہ خیبر پختونخوا

حکومت تمام سیاسی پارٹیوں کو اعتماد میں لے: آفتاب شیرپاؤ

پشاور (ملت + آئی این پی) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے آبپاشی و سماجی بہبود سکندر حیات خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ ملک میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات اور عوام میں افراتفری کی حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے وفاقی حکومت کو تمام قومی لیڈر شپ کو اعتماد میں لینے، نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کرنے اور افغان حکومت کے ساتھ اپنے معاملات مربوط گفت و شنید سے حل کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے چاہئیے تاکہ عوام کی جان و مال محفوظ ہونے کے ساتھ ساتھ ترقی کے سفر میں حائل رکاوٹیں بھی ختم ہو سکیں۔وہ شیرپاؤ ضلع چارسدہ میں قومی وطن پارٹی کی ضلعی تنظیم کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کو اپنی توانائیاں غیر سنجیدہ مسائل پر صرف کرنے کی بجائے اہم قومی معاملات پر توجہ دینی چاہئیے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ مرکزی حکومت کو آئندہ بجٹ سے پہلے قومی مالیاتی کمیشن کے اجلاس کا انعقاد کر نا ہو گا تاکہ آئندہ سال کے بجٹ میں تمام صوبوں کے حقوق کا تعین یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے پارٹی کارکنوں پر بھی زور دیا کہ وہ عوام میں جمہوری روایات کے مطابق آگہی پھیلانے کیلئے دن رات محنت کریں اور آئندہ ماہ ہونے والی قومی مردم شماری اور سی پیک منصوبے کی اہمیت اور اس میں اپنے حصے کیلئے جدوجہد اور ترقیاتی منصوبوں کے معیاری انداز میں تکمیل سمیت پُرامن ماحول کے قیام پر توجہ دیں۔تقریب سے دوسروں کے علاوہ قومی وطن پارٹی کے رہنماؤں فقیر حسین، حامد خان ترنگزئی ، پیر رحمن اﷲ اور فرمان اﷲ نے بھی خطاب کیا۔صوبائی وزیر نے سابق گورنر حیات محمد خان شیرپاؤ شہید کی برسی کو پُرامن طریقے سے منانے پر کارکنوں کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ ضلع چارسدہ میں محکمہ ایریگیشن کے تحت 90ترقیاتی منصوبے شروع ہو رہے ہیں جس کا باقاعدہ افتتاح عنقریب ہو گا جن کی تکمیل سے علاقے کے تمام عوام کو سہولیات میسر آئیں گی