خبرنامہ خیبر پختونخوا

خیبر:حفاظتی اقدامات سخت، اہلکاروں کی چھٹیاں منسوٰخ

پشاور: (اے پی پی)خیبر پختونخوا میں دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے خطرات کے پیش نظر سیکیورٹی پہلے ہی ریڈ الرٹ ہے۔ رمضان المبارک کے دوران پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوٰخ کر کے پشاور کے داخلی و خارجی راستوں پر حفاظتی اقدامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ آئی جی خیبر پختونخوا کا کہنا ہے کہ دہشت گرد اس وقت پولیس کو اپنا ہدف بنائے ہوئے ہیں اس لئے پولیس اہلکاروں کو بھی حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ پولیس کے علاوہ مساجد انتظامیہ کو بھی سیکیورٹی گائیڈ لائنز دی گئی ہیں جن میں انتطامیہ سے درخواست کی گئی ہے کہ تراویح اور نماز کے اوقات میں خصوصی اقدامات کئے جائیں۔ جن میں روشنی کا انتظام اور اجنبی افراد اور مشکوک اشیاء پر نظر رکھنا شامل ہے جبکہ پولیس کے جوانوں کے علاوہ ریپڈ رسپانڈ فورس، سرفروش دستوں اور ایلیٹ فورس کے جوانوں کو بھی الرٹ رکھا گیا ہے۔ پولیس کو دہشت گردی کے علاوہ جرائم پیشہ افراد سے نمٹنے کے چیلنج بھی درپیش ہیں اور ماہ صیام میں جہاں مساجد ، امام بارگاہوں اور مذہبی اجتماعات کی حفاظت کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں وہیں بازاروں کی بھی خفیہ نگرانی کی جا رہی ہے ۔