خبرنامہ خیبر پختونخوا

خیبرپختونخوامیں خواتین کے قتل کے واقعات میں اضافہ

پشاور: (اے پی پی)خیبرپختونخوامیں خواتین خصوصا لڑکیوں کے قتل کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے،رواں سال اب تک 15سے زائد خواتین کو قتل کیاجاچکاہے ۔ پولیس کا کہنا ہے زیادہ تر خواتین کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا ۔پشاورکے تھانہ بھانہ ماڑی کی حدود میں گذشتہ روزکھیتوں سے لاش ملنے کی خبرشہربھرمیں پھیل گئی کہ اسے اغواکے بعد زیادتی اورپھر قتل کیا گیا لیکن بعد میں شاید معاملہ کچھ اورنکلا اوراس شک کو تقویت ورثا کے گھرکوچھوڑکے کہیں اورجانے سے ملی۔خیبرپختونخوا میں سالانہ اوسطا ًڈھائی سے 3ہزار افراد قتل ہوتے ہیں۔ جن میں ایک ہزار کےقریب خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ پولیس کہتی ہے کہ عورتوں کے مرنے کے زیادہ ترکیسز غیرت کے نام پر قتل کے ہوتے ہیں۔صوبے میں رواں سال 15 سے زیادہ خواتین کو قتل کیاجاچکا ہے۔دوسری جانب سال 2015 ءکے دوران تقریباً ڈیڑھ سو خواتین کے ساتھ زیادتی کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔ جبکہ پولیس ذرائع کے مطابق اتنی ہی تعداد کے برابرواقعات بدنامی کے خوف سے تھانوں تک ہی نہیں پہنچے۔