خبرنامہ خیبر پختونخوا

خیبرپختونخوا میں گرمی میں کمی

خیبرپختونخوا :(اے پی پی) دو روز قبل پنجاب کے وسطی علاقوں اور خیبر پختونخوا میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی بارش کے باعث گرمی میں کمی ہوئی ہے تاہم جنوبی پنجاب ، سندھ اور بلوچستان میں سورج بدستور قیامت ڈھا رہا ہے۔لاہور سمیت وسطی پنجاب، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں دو روز قبل ہونے والی بارش نے گرمی کی شدت کو اب تک قابو کررکھا ہے تاہم جنوبی پنجاب ، سندھ اور بلوچستان میں گرمی کی شدت برقرار ہے، دوپہر ایک بجے تک کئی علاقوں میں درجہ حرارت 43 ڈگری سے تجاوز کرگیا ہے۔ دو پہر ایک بجے تک سب سے زیادہ گرمی موہن جو داڑو میں پڑی ہے جہاں درجہ حرارت 45 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ لاڑکانہ 43، کوٹ ادو 42، جہلم، 41، ڈیرہ غازی خان اور لاہور میں 39، حیدرآباد اور بہاولپور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ دو روز کے دوران ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہےگا۔ ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور، سکھر، لاڑکانہ نواب شاہ، میرپورخاص،شہید بینظر آباد،حید رآباد ، کوئٹہ سبی اور مکران ڈویژن شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے تاہم گرمی کی شدت کے ساتھ ان علاقوں میں تیز/گردآلود ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔ بالائی فاٹا ، کشمیر اور اس سے ملحقہ علاقوں میں بعض مقامات پر تیز ہواوٰں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔