خبرنامہ خیبر پختونخوا

خیبر پختونخوا کے مختلف کونسلوں میں خالی نشستوں ضمنی بلدیاتی انتخابات کا شیڈول

پشاور (ملت + اے پی پی )الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا میں ویلیج/نیبر ہوڈ کونسلوں میں مجموعی طور پر 50 خالی نشستوں پر 29نومبر 2016کو پانچویں ضمنی بلدیاتی انتخابات کا اعلان کیا ہے۔جن اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات ہورہے ہیں۔ ان میں پشاور ، نوشہرہ، چارسدہ ، مردان، صوابی، کرک لکی مروت، ، ٹانک ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ، بٹگرام، سوات، بونیر، شا نگلہ ، لوئر دیر اور چترال شامل ہیں۔ شیڈول کے مطابق ریٹرننگ افسران21اکتوبر 2016کو پبلک نوٹس جاری کریں گے۔ امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 24اور 25 اکتوبر 2016کو جمع کراسکتے ہیں۔ کاغذات نامزدگی کی وصولی کا نوٹس 26اکتوبر 2016کو جاری کیا جائیگا۔کاغذات نامزدگی پر اعتراضات 28اکتوبر 2016 کو دائر کئے جاسکیں گے۔ کاغذات نامزدگیوں کی جانچ پڑتال 29تا 31اکتوبر 2016 کو ہوگی۔ کاغذات کی منظوری اور مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں یکم نومبر تا 3نومبر 2016 کو داخل کی جاسکیں گی۔ اور ان اپیلوں پر فیصلہ 4تا9نومبر تک کیا جائیگا۔امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 10نومبر تک واپس لے سکیں گے۔ اور 11نومبر امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کرکے ان کو انتخابی نشانات الاٹ کئے جائیں گے۔ 30نومبر کو ریٹرننگ افسران نتائج کا اعلان کریں گے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے شیڈول جاری ہونیکے ساتھ ہی ضابطہ اخلاق جاری کیا ہے۔ جس کے مطابق سرکاری ملازمین کی ترقیوں اور تبادلوں پر پابندی عائدکی گئی ہے۔جبکہ وزیراعظم، سپیکر/ڈپٹی سپیکر قومی و صوبائی اسمبلی ، وفاقی اور صوبائی وزراء ناظمین اور نائب ناظمین کا ان کونسلوں میں انتخابات تک جانے پر پابندی ہوگی۔متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنر وزیراعظم، وزراء اور دیگر اعلیٰ شخصیات کے ساتھ انتخابات تک پروٹوکول ڈیوٹی انجام نہیں دیں گے۔