خبرنامہ خیبر پختونخوا

رواں سال دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعقات میں 14پولیس اہلکار شہید ہوچکے ہیں،پولیس رپورٹ

ڈی آئی خان۔(ملت آن لائن) ڈیرہ اسماعیل خان میں رواں سال کے دوران دہشت گردی اورٹارگٹ کلنگ کے مختلف واقعات میں اب تک 14 پولیس اہلکار شہید ہوچکے ہیں ۔ دہشت گردی کے واقعات میں سب سے زیادہ پولیس اہلکاروں کو ٹارگٹ کیاگیا ۔ پولیس رپورٹ کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں اب تک کے شہدائے پولیس کی تعداد 155 ہوچکی ہے جو کہ پشاور میں شہید ہونے والے تین سو اہلکاروں کے بعد ڈیرہ اسماعیل خان دوسرے نمبرپر ہے ۔ رواں سال ڈیرہ اسماعیل خان سمیت صوبے بھرمیں دہشت گردی اور فرقہ ورایت کے واقعات میں 41 افراد جاں بحق ہوئے ۔یکم جنوری سے 15 اکتوبر تک میں صوبائی حکومت کو دیئے جانے والے خیبرپختونخوا پولیس کی رپورٹ کے مطابق رواں سال کے دوران ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹارگٹ کلنگ کے مختلف واقعات میں14 پولیس اہلکار شہید ہوئے ہیں ۔فرقہ واریت ،دہشت گردی اور عسکریت پسندی کے واقعات میں ڈیرہ اسماعیل خان ،پشاور ،ہنگو ،کوہات سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں رونما ہوئے ہیں ۔ڈیرہ اسماعیل خان میں سال 2006 سے اب تک مجموعی طور پر 155 پولیس افسران اور اہلکاروں نے اس دھرتی کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرچکے ہیں جو کہ پشاور کے بعد دوسری بڑی تعداد ہے۔