خبرنامہ خیبر پختونخوا

سانحہ باچا خان یونیورسٹی کو ایک سال بیت گیا

چارسدہ: (ملت+اے پی پی) سانحہ باچا خان یونیورسٹی کو ایک سال بیت گیا ۔ شہداء کی یاد میں جامعہ میں تقریب کا انعقاد ، دعوت کے باوجود شرکت نہ کرنے پر وزیر اعظم ، گورنر خیبر پختونخوا اور وزیر اعلیٰ کے خلاف طلباء کا احتجاجی مظاہرہ ، باچا خان یونیورسٹی چارسدہ پر حملے کو ایک سال بیت گیا ۔ اندوہناک واقعے میں چودہ طلباء اور چار یونیورسٹی ملازمین شہید ہوئے تھے ۔ شہداء کی یاد میں جامعہ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیر اعظم ، گورنر اور وزیر اعلیٰ سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی ، تاہم کسی بھی اہم شخصیت نے تقریب میں شرکت کی زحمت نہیں کی ۔ جامعہ کے طلباء نے برسی تقریب میں نظر انداز کئے جانے پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی ۔ طلباء کا کہنا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں اہم حکومتی نمائندوں کو ہمارا ساتھ دینا چاہئے تھے تاہم کسی بھی اہم شخصیت کے شرکت نہ کرنے سے مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ۔ تقریب میں پی ٹی آئی کے ایم پی اے شوکت یوسفزئی اور ایم پی اے عارف محمد زئی نے شرکت کی ۔ طلباء کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی ۔ تقریب میں شہداء کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی ۔