خبرنامہ خیبر پختونخوا

سوات میں غیرت کے نام پر نوجوان سنگسار

سوات:(اے پی پی)پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں خاتون اور اس کے آشناکو مبینہ طور پر قابل اعتراض حالت میں دیکھنے کے بعد خاتون کے والد اور دیور نے دونوں کو باندھ کر سنگسار کرنے کی کوشش کی جس کے باعث آشنا جاں بحق جبکہ خاتون شدید زخمی ہو گئی۔ ملالہ یوسف زئی کے گاﺅں کے قریبی علاقہ میں دیور نے گھر سے باہر جانے والی بھابھی شکیلہ کا پیچھا کیا تو 22سالہ شکیلہ کو گاﺅں میں واقع ایک اورگھر میں پایا جہاں وہ ایک 27سالہ شخص بلال کے ساتھ اکیلی موجود تھی۔رپورٹ کے مطابق دیور نے الزام لگایا تھا کہ اس نے دونوں کو قابل اعتراض حالت میں دیکھا جس کے بعد اس نے کمرے کو باہر سے بند کردیا اور فوراًشکیلہ کے والد کو اطلاع دی جس کے بعد وہ بھی موقع پر پہنچ گیا۔ لڑکی کے والد اور دیور نے دونوں کوزنجیروں میں جکڑ کرگھر کے ڈرائنگ روم میں پتھر مارنے شروع کردیئے۔غیرت کے نام پر ہونے والی اس سنگساری سے نوجوان دم توڑ گیا جب کہ خاتون شدید زخمی ہوگئی ۔اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور لاش اور زخمی خاتون کو ہسپتال پہنچایاجہاں خاتون زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہے۔ہسپتال کے باہر پولیس موجود ہے تاہم ہسپتال میں صحت کی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں اور خاتون کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔دوسری جانب خاندان والوں نے لڑکی سے اعلان لاتعلقی بھی کردیا ہے جس کی وجہ سے اس کی حالت انتہائی قابل رحم ہے۔