خبرنامہ خیبر پختونخوا

سٹی اورکینٹ پولیس کا سرچ آپریشن ،4 ملزمان گرفتار

ایبٹ آباد:(اے پی پی) سٹی اور کینٹ پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 4 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ و منشیات برآمد کر لیا۔ پولیس کے مطابق ڈی ایس پی کینٹ کیڈٹ خورشید کی ہدایت پر ایس ایچ او کیڈٹ حفیظ اور ایڈیشنل ایس ایچ او ریاست خان نے پولیس نفری کے ہمراہ سٹی کی حدود میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے 40 مکانات اور 10 ہوٹلوں کی چیکنگ کی۔ اس دوران ایس ایچ او نے زین کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے ایک عدد 30 بور پستول اور 25 کارتوس جبکہ سٹی پولیس نے منشیا ت فروش قمر کو گرفتار کر کے آدھا کلو چرس برآمد کر لی۔ پولیس کے مطابق کینٹ پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران ایک کلو چرس برآمد کر کے 2 منشیات فروشوں ریاست اور شوکت کو گرفتار کر لیا جبکہ کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر 4 مالکان مکانات کے خلاف بھی مقدمات درج کر لئے ہیں۔