خبرنامہ خیبر پختونخوا

ضرب عضب آپریشن کے نتیجے میں فاٹامیں امن لوٹ آیا ہے: جھگڑا

پشاور۔25اکتوبر(ملت + اے پی پی )گورنرخیبرپختونخواانجینئر اقبال ظفر جھگڑا نے کہاہے کہ ضرب عضب آپریشن کے نتیجے میں فاٹامیں امن لوٹ آیا ہے ۔ ٹی ڈی پیز کی باعزت واپسی رواں سال کے آخرتک مکمل ہوجائیگی۔ اصلاحات کے نتیجے میں اکثریت نے فاٹا کو صوبے میں ضم کرنے کی تجویز کی حمایت کی ہے جبکہ مذکورہ اصلاحات بتدریج لاگوں ہوگی۔ فاٹا اور خیبرپختونخوا کے عوام میں ثقافتی، معاشی اور سماجی تعلق ہونے کی وجہ سے یہ فیصلہ نہ صرف فاٹا کے عوام کیلئے انتہائی سود مند ہوگا بلکہ پورے خطے پراس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گورنر ہاؤس پشاورمیں منگل کو22 ویں مڈکیرئر منیجمنٹ کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا فدا وزیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔اس موقع پر شرکا ء کوفاٹا سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔شرکاء کے مختلف سوالات کاجواب دیتے ہوئے گورنرنے کہا کہ فاٹامیں اصلاحات کیلئے وزیراعظم محمدنوازشریف کی ہدایت پرفاٹا کی تمام ایجنسیوں میں مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقاتیں کی گئی اوران کی آراء کاجائزہ لیاگیا جس میں اکثریت نے فاٹا کو صوبے میں ضم کرنے کی تجویز کی حمایت کی ہے جس کے نتیجے میں قبائلی علاقوں میں ترقی کی رفتار کو ملک کے دیگر حصوں کے برابر لانے میں مدد ملے گی ۔ سی پیک کے حوالے سے گورنرنے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری میں فاٹاکوبھی فائدہ ہوگا جوکہ افغانستان اور وسطی ایشیاء کے ساتھ تجارت کا واحد راستہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ فاٹا میں ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کیلئے ایک فعال میکنزم بنایاگیاہے تاکہ تمام ایجنسیوں میں ترقیاتی منصوبوں کے اعلی معیار کوبرقرار رکھتے ہوئے مقررہ مدت میں ان کی تکمیل یقینی بنائی جا سکے۔