خبرنامہ خیبر پختونخوا

عالم اسلام کے لئے پاکستان کو قائدانہ کردار ادا کرنا چاہیے، مولانا فضل الرحمان

عالم اسلام کے لئے پاکستان کو قائدانہ کردار ادا کرنا چاہیے، مولانا فضل الرحمان

اسلام آباد(ملت آن لائن) جے یو آئی (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیٹی کے اجلاس میں پاکستانی نمائندے کی غیر حاضری کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالم اسلام کے مسائل کے حل کے لئے پاکستان کو قائدانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے مشرق وسطیٰ اور دنیا کے دیگر خطوں میں مسلمانوں کے خلاف مظالم کا تفصیل سے ذکر کیا اور کہا کہ عرب دنیا کی موجودہ صورتحال گریٹر اسرائیل کی تشکیل کے ایجنڈے کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شام میں ایک انسانی المیہ وقوع پذیر ہو رہا ہے اور عالمی اداروں کی رپورٹس کے مطابق چار سے لے کر گیارہ لاکھ شامی مسلمان ہلاک یا زخمی ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسلمان ایک امت ہیں اور امت کے طور پر ہمیں مسلمانوں کے مسائل کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیٹی کے آٹھ مسلمان رکن ممالک ہیں‘ جب شام کے حوالے سے وہاں قرارداد پیش ہوئی تو ان میں سے 3 ممالک غیر حاضر تھے جن میں پاکستان بھی شامل ہے۔ وزیر خارجہ کو اس کا نوٹس لینا چاہیے اور پارلیمنٹ کو اس حوالے سے اعتماد میں لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات بھی قابل توجہ ہے کہ ماضی میں جب جنرل پرویز مشرف امریکہ کو سہولتیں دے رہا تھا تو اس وقت اس کی حمایت کی جارہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ایوان کو شام کے حوالے سے قرارداد پاس کرنی چاہیے کیونکہ یہ ایوان پاکستانی عوام کا نمائندہ ہے۔ حکومت کا جو بھی موقف ہو لیکن قوم کو اس پر احتجاج کرنا چاہیے۔