خبرنامہ خیبر پختونخوا

عدالتی احکامات نہ ماننے پر ضلع ناظم ہری پور گھر جا سکتے ہیں، عوام جلد خوشخبری سنیں گے:چوہدری داد

ہری پور:(اے پی پی) ہری پور کی ضلعی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے رکن چوہدری محمد داد نے کہا ہے کہ عدالتی احکامات نہ ماننے پر ضلع ناظم ہری پور توہین عدالت کیس میں گھر جا سکتے ہیں، بہت جلد عوام کو خوش خبری ملنے والی ہے۔ یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلدیاتی قوانین کے مطابق محروم و پسماندہ علاقوں کو ترقیاتی کاموں میں فوقیت دینے کا قانون بنایا گیا ہے جبکہ ضلع ناظم ہری پور اس کے بالکل برعکس کام کر رہے ہیں جس پر ہم نے اپنے حقوق کے لئے ہائی کورٹ ایبٹ آباد بینچ میں ایک رٹ دائر کر دی ہے جس پر معزز عدالت نے ترقیاتی سکیموں کو روکنے کا حکم دیدیا ہے مگر ضلع ناظم نے عوامی نمائندوں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کرتے ہوئے ٹی ایم اے کے ذریعہ اشتہار چلا دیا جس پر ہمیں دوبارہ کورٹ سے رجوع کرنا پڑا مگر ضلع ناظم نے پھر عدالتی حکم کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے دوبارہ اخبار میں اشتہار دیدیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مجبوراً ایک مرتبہ پھر عدالت کو آگاہ کرنا پڑا جس پر معزز عدالت نے ضلع ناظم کو عدالتی احکامات نہ ماننے پر توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیا ہے، آزاد عدلیہ سے امید کرتے ہیں کہ ضلع ناظم ہری پور توہین عدالت کیس میں اپنے گھر جا سکتے ہیں۔