خبرنامہ خیبر پختونخوا

علی امین پرالزام لگانے والے کیخلاف عمران خان کا ایکشن

علی امین پرالزام لگانے والے کیخلاف عمران خان کا ایکشن
ڈیرہ اسماعیل خان:(ملت آن لائن) ڈی آئی خان میں لڑکی کوسرعام برہنہ کرنے کا ملزم تونہ پکڑا گیا۔ لیکن پی ٹی آئی کے وزیرعلی امین گنڈا پور پر الزام لگانے والے ایم این اے داوڑ کنڈی کے خلاف عمران خان نے ایکشن لے لیا۔ ڈی آئی خان میں لڑکی کو برہنہ کرکے گلی میں گھمانے کا معاملہ مزید الجھ گیا۔ واقعے کا مرکزی ملزم تو گرفتار نہ ہوا لیکن پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی داور کنڈی کو پارٹی وزیرعلی امین گنڈا پور پرالزام لگانا مہنگا پڑ گیا۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے داورکنڈی کوپارٹی سے نکالنے کا فیصلہ کرلیا۔
عمران خان نے معاملے پربات کرتے ہوئے کہا کہ داورکنڈی جھوٹ بول رہے ہیں، وہ گزشتہ ایک سال سے پارٹی اور وزیراعلیٰ کے خلاف بیانات دے رہا ہے اس لیے اسے پارٹی سے نکال رہے ہیں۔ داور کنڈی پارٹی میٹنگز میں بھی شریک نہیں ہوتے۔
پی ٹی آئی ایم این اے داور کنڈی نے ڈی آئی خان میں لڑکی کو برہنہ کرکے گلیوں میں گھمانے کے معاملے پر پارٹی چیئرمین کوخط لکھ کرکہا تھا کہ علی امین گنڈا پورکے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے کہیں کہ علی امین سے وزارت واپس لے کر معاملے کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں۔ علی امین پور نے ملوث ملزمان کی بھرپور سرپرستی کرتے ہوئے انہیں مالی مدد بھی فراہم کی۔ ان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔
مزید پڑھیے:پی ٹی آئی ایم این اے کا ساتھی کیخلاف کارروائی کا مطالبہ
داور کنڈی نےمتاثرہ لڑکی کے اہلخانہ سے ملاقات کی تھی جس میں اہلخانہ کی جانب سے معاملے میں علی امین گنڈا پور کے ملوث ہونے کی نشاندہی کی گئی۔
سولہ برس کی لڑکی کو ڈیرہ اسماعیل خان کی سڑکوں پربرہنہ گھمایا گیا تھا، تھانہ چوہدوان کے ایس ایچ او نے متاثرین کا ساتھ دینے کے بجائے الٹا انہی کے خلاف مقدمہ کا ٹ دیا۔ بات وزیراعلیٰ کے نوٹس میں آئی تو جھوٹا مقدمہ ختم کراکے اصل ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا گیا۔متاثرہ فیملی نے تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈاپور کے چچا پر بھی الزام دھرتے ہوئے کہا کہ اسماعیل خان اصل ملزم سجاول کو چھوڑ کر گلستان شاہجان اور رمضان کو لے کر تھانے آگیا اور پٹواری بھیجا کہ موڑ پر آؤ اور وہاں آکر گواہی دو، اسماعیل خان ، علی امین کا چاچا ہے۔ جب وہاں گئے تو وہاں سب وہ لوگ بیٹھے تھے جنہوں نے مل کر لڑکی کو مارا تھا، وہ بڑے لوگ ہیں، ہم نے سمجھا کہ اگر نہیں گئے تو اٹھا کر لے جائیں گے، اس لیے ہم وہاں چلے گئے اور وہاں جاکر گواہی دے دی۔
یہ پہلی بار نہیں، صاف شفاف چلنے کی دعویدار تحریک انصاف کو علی امین گنڈا پور پہلے بھی کئی کلنک کے ٹیکے لگو اچکے ہیں۔ اسلام آباد لاک ڈاؤن کے دوران علی امین گنڈا پورسے شراب کی بوتلیں برامد ہوئی تھیں ۔ پولیس نے غیر قانونی اسلحہ ملنے کا بھی دعویٰ کیا تھا ۔۔ لیکن وزیر موصوف نے کہا کہ ان کی گاڑی میں شراب نہیں شہد تھا۔ علی امین گنڈا پورنے عید کے دوران اپنے حلقے میں ہیلی کاپٹر سے عیدی اور تحائف پھینکنے کا اعلان بھی کیا تھا جو بعد میں واپس لے لیا گیا۔ علی امین بلدیاتی انتخابات کے دوران بیلٹ باکس اٹھانے کے الزام میں خیبر پختونخوا پولیس کے ہاتھوں گرفتار بھی ہوچکے ہیں ۔ یہی نہیں، خیبرپختونخوا کے بجٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن نے علی امین گنڈا پور پر پٹواریوں سے رشوت لینے کے الزامات بھی لگائے تھے ۔