خبرنامہ خیبر پختونخوا

عمران اپنے انتخابی وعدوں کوعملی جامہ پہنانے میں مکمل طورپرناکام ہوچکے ہیں: امیرمقام

پشاور: ( اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر انجینئرامیرمقام نے ہفتے کے روزضلع لکی مروت میں پاسپورٹ دفترکا باقاعدہ افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انجینئرامیرمقام نے کہاکہ ہم 2018ء میں اپنے وعدوں کی تکمیل کے ساتھ عوام کے سامنے جائیں گے،ن لیگ ہمیشہ عوام کی عدالت میں سرخروہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہماراکام ملک وقوم کو سنوارناہے جبکہ مخالفین کاکام مشکلات پیداکرکے ملک کوترقی سے محروم کرناہے،خیبرپختونخواحکومت کے میگاپراجیکٹس کارول بیک ہوناتحریک انصاف کی نااہلی کاواضح ثبوت ہے ، کے پی کے کی صوبائی حکومت نے عوام کے خون پسینے کاپیسہ ضائع کردیا۔انہوں نے کہاکہ عمران خان خیبر پختونخوا میں اپنے انتخابی وعدوں کوعملی جامہ پہنانے میں مکمل طورپرناکام ہوچکے ہیں۔اس موقع پرسابق صوبائی وزیرملک ظفراعظم،ن لیگ کے رہنمااخترمنیرخان میناخیل، میاں اخلاق جنرل سیکرٹری کرک،باری خٹک یوتھ ونگ کے صوبائی رہنما،حمیدخان صدربنوں، صوبائی نائب صدر ڈاکٹرصاحب زمان،ڈیرہ اسماعیل خان کے صدرملک ریحان،سمیت دیگر مسلم لیگی رہنمابھی موجودتھے۔انجینئرامیرمقام نے مسلم لیگی رہنمااخترمنیرخان کے مطالبے پر لکی مروت کیلئے سٹی ون اورسٹی ٹو فیڈرزکا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ اعلان کردہ فیڈرزسے لکی مروت میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ اورکم وولٹیج کامسئلہ مستقل بنیادوں پرختم ہوجائیگا۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نوازشریف کے ویژن کوآگے بڑھاتے ہوئے ترقی کے ثمرات سے ملک کے کونے کونے کو مستفیدکرائینگے ۔انہوں نے کہاکہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کی پرزورمذمت کرتے ہیں ہماری ہمدردیاں کشمیری عوام کیساتھ ہیں۔وزیراعظم کے مشیرنے کہاکہ انڈس ہائی وے کو دورویہ بین الاقوامی طرزپربہترین شاہراہ بنائینگے ۔ انہوں نے کہاکہ لکی مروت میں مروت یونیورسٹی کے قیام کیلئے اقدامات اٹھائے جائینگے جس سے عوام کا دیرینہ مطالبہ تکمیل کوپہنچے گا۔ اس موقع پرلکی مروت کے عوام نے پاسپورٹ دفتر قائم کرنے پر وزیراعظم کے مشیرانجینئرامیرمقام اوروفاقی حکومت کاشکریہ اداکیا۔