خبرنامہ خیبر پختونخوا

قبائلی عوام پر کوئی بھی فیصلہ مسلط نہیں کیاجائیگا،گورنرخیبرپختونخوا

پشاور (آئی این پی )گورنرخیبرپختونخواانجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ وزیراعظم محمدنوازشریف کی ہدایت کے مطابق قبائلی عوام پر کوئی بھی فیصلہ مسلط نہیں کیاجائیگا اورانہیں اصلاحاتی اور ترقیاتی عمل میں ہرسطح پر مشاورت میں شامل کیاجائیگا۔وہ جمعہ کے روز خیبرایجنسی کی تحصیل جمرود کے کوکی خیل قبائل کے ایک نمائندہ جرگے سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے رکن قومی اسمبلی حاجی شاہ جی گل آفریدی کی قیادت میں گورنرہاؤس پشاورمیں گورنرسے ملاقات کی۔ وفدمیں ملک ناصراحمد، حاجی شاہ زر خان، حاجی شہزادہ سمیت دیگرقبائلی زعماء بھی شامل تھے جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری برائے گورنر عطاء اللہ شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفد نے گورنر کو علاقے کے کو عوام کودرپیش بعض مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے حل کیلئے تجاویز پیش کیں۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ حکومت کو قبائلی عوام کی مشکلات کا پوری طرح احساس ہے اور ان کے مسائل کے حل کیلئے جامع اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ گورنرنے وفد کی معروضات غورسے سنیں اور ان کے حل کیلئے اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔