خبرنامہ خیبر پختونخوا

لاہوربدسلوکی: پشاور جلسے میں شرکت پرخواتین تذبذب کا شکار

پشاور(آئی این پی) لاہور میں خواتین سے بدسلوکی ، پشاور جلسے میں شریک ہوں یا نہیں، پی ٹی آئی خواتین تذبذب کا شکار ہیں ، خواتین ارکان اسمبلی اور شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سیاسی جماعتیں جلسوں میں خواتین کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ نو مئی کوپشاور جلسے میں شرکت کی جائے یا نہیں؟ تحریک انصاف کی خواتین تذبذب کا شکار ہو گئیں ، لاہور واقعے کے بعد بعض خواتین نے تحفظات کا اظہار کر دیا۔ پشاور میں نومئی کو کپتان ایک بار پھر سجائیں گے میدان ، اور اس کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ خواتین پرجوش تو ہیں لیکن لاہور واقعے کے بعد پریشان بھی ہیں اور اس پریشانی سے انہوں نے صوبائی قیادت کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔ جلسہ گاہ کیلئے پشاور کے نواحی علاقے خزانہ کا انتخاب کیا گیا ہے۔ خواتین میں بے چینی کا ایک سبب جلسہ گاہ کا اندرون شہر سے ہٹ کر ہونا بھی ہے۔