خبرنامہ خیبر پختونخوا

مانسہرہ ، بٹگرام، تورغر، کوہستان اور ملحقہ علاقوں میں بارش اور برفباری

مانسہرہ.:(اے پی پی)بالائی اور پہاڑی علاقوں میں وقفے وقفے سے ہونے والی برف باری اور بارش کے بعد ٹھنڈ میں مزید اضافہ ہوگیا ہے،برف باری کے بعد لوگوں کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہیں، متعدد رابطہ سڑکوں کی بحالی کا کام جاری ہے۔مانسہرہ شہرسے بالاکوٹ تک شاہراہ کاغان کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے،مانسہرہ کے بیشتر علاقوں میں برف باری کے بعد بجلی اور مواصلات کا نظام ابھی تک بحال نہیں ہوسکا۔
ایبٹ آباد اور گلیات میں بھی دو روز سے جاری برف باری کے بعد موسم صاف ہے،،گلیات کی متعدد رابطہ سڑکیں بند ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے،گزشتہ دو روز سے بجلی کی فراہمی بھی معطل ہےاپر ہزارہ کے تمام اضلاع میں شدید برف باری اور بارش کے بعد موسم صاف ہوگیاہے اور کئی علاقوں میں دھوپ نکل آئی ہے۔برف باری کے بعد قراقرم ہائی وے پر حویلیاں سے تھاکوٹ تک تمام رکاوٹوں کو دور کرکے 24 گھنٹے بعد ٹریفک کےلیے کھول دیا گیا ہے۔ادھر گلگت بلتستان کے ضلع غذر اور دیامر میں بھی برف باری تھم گئی ہے لیکن موسم ابرآلود ہے،،برف باری کے باعث بالائی علاقوں میں لوگوں کو مویشیوں کے چارے کی قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں بھی برف باری کے بعد مطلع صاف ہوچکا ہے، مری میں برف باری کے بعد سردی مزید بڑھ گئی ہے۔